پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے جنوبی پنجاب کے تمام چیمبرز اور کاٹن سے وابستہ تمام ایسوسی ایشنز کااجلاس چیئرمین پی سی جی اے سہیل محمود ہرل کی سرپرستی میں فلیٹیز ہوٹل ملتان میں منعقد کیا

جمعہ 22 اکتوبر 2021 11:02

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے جنوبی پنجاب کے تمام چیمبرز اور کاٹن ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2021ء) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے جنوبی پنجاب کے تمام چیمبرز اور کاٹن سے وابستہ تمام ایسوسی ایشنز کااجلاس چیئرمین پی سی جی اے سہیل محمود ہرل کی سرپرستی میں فلیٹیز ہوٹل ملتان میں منعقد کیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے چیمبرز و ایسوسی ایشنز کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے حکمت عملی پر تفصیلاً گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں چیئرمین پی سی جی اے سہیل محمود ہرل نے کہا کہ ایف بی آر کو لا محدود اختیارات دینے سے کاروبار کرنا نا گزیر ہو گیا ہے اور کاروباری لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کاسٹ آف پروڈکشن میں کمی اور ٹریڈ کو بہتر کر نے کے لیے یکجا ہو کر کام کر نے کی ضرورت ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ڈالر کی اونچی پروان نے کاروباری حالات کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

  حکومت وقت حکومت کاروباری لوگوں کومستحکم اور ساز گار ماحول فراہم کرے۔چیئرمین آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹر ایسوسی ایشن اور آئل ملز ایسوسی ایشن انصر حق خان بابرنے کہا کہ ہمیں مل جل کر تمام مسائل حل کرنے ہیں جس کے لیے ان کی تمام خدمات حاضرہیں۔صدر ملتان چیمبر خواجہ محمد حسین نے کہا کہ ہم یکجاہو کر اپنے خطے کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

پریذیڈنٹ وہاڑی چیمبر محمد نعیم پاشا نے کہا کہ کاٹن کے فروغ کے لیے ہمیں موثر پالیسی بنا کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور بزنس کمیونٹی کو آزادانہ ماحول اور ٹیکسوں کا بوجھ کم کر کے اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔پریذیڈنٹ چیمبر آف سمال ٹریڈرزاینڈ انڈسٹریزفیصل سعیدنے کہا کہ ہمیں سنجیدگی کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کر نے کی فوری ضرورت ہے اور سمال ٹریڈرز مسائل کے حل کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پریذیڈنٹ خانیوال چیمبرطیب ساجدنے کہا کہ تمام مسائل کا حل یکجہتی سے ممکن ہے اور ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومت کو جامع پالیسی دینا ہو گی۔وائس پریذیڈنٹ ویمن چیمبر ملتان سعدیہ علی نے کہا کہ ہمیں قانونی نقطہ نظر سے بھی چیزوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور جس معاملے میں قانونی معاونت درکار ہو گی وہ بطور ایڈوائز اپنی خدمات انجام دینے کوتیار ہیں۔

سابق چیئرمین پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن آصف مجیدنے کہا کہ ہمیں اپنی زراعت کو فروغ دینے کے لیے کسانوں کو مکمل آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور کراپ کے متعلق مکمل ایڈوائزری فراہم کر کے ہم مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔کاٹن کی بحالی حاضر وقت کی اہم ضرورت ہے اور معیشت کو کاٹن کراپ میں اضافہ سے مستحکم کیا جا سکتا ہے۔سابق چیئرمین آل پاکستان آئل ملز ایسوسی ایشن خواجہ محمد فاضل نے کہا کہ حکومتی سطح پر صرف کاٹن سیڈ آئل پر ٹیکس جبکہ باقی تمام آئل سیڈز کو چھوٹ دینا نا انصافی ہے۔

حکومت آئل انڈسٹری پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کر کے کاٹن کو فروغ میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔موجودہ حالات میں کاٹن سیڈ آئل پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کسی بھی صورت قبول نہیں۔چیئرمین آل پاکستان فرٹیلائزرز ایسوسی ایشن خواجہ محمد اظہرنے کہا کہ ہم زراعت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو مثبت انداز میں چلانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل مشترکہ حکمت عملی سے نکالیں گے۔

چیئرمین پروگریسو گروپ و ایگزیکٹو ممبر پی سی جی اے ملک طلعت سہیل نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام چیمبرز و ایسوسی ایشنزکی موجودگی اس امر کی دلیل ہے کہ ہم سب یکجہتی کے ساتھ اپنے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔کاروباری لاگت میں کمی وقت کی ضرورت ہے۔کاٹن کی بحالی معیشت کی بحالی ہے ہمیں کاٹن کے فروغ اور جننگ انڈسٹری کے مسائل کو موثر حکمت عملی سے حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ زرعی مداخل (کھاد اور زرعی ادویات) پر سیلز ٹیکس کو ختم کیا جائے، بجلی کے نرخون میں فوری طور پر کمی لائی جائے، شرع سود کو برقرار رکھا جائے، ٹیکس ریفنڈز کا اجراء کیا جائے،سیلز ٹیکس کی شرح جننگ سیکٹر کے لیے زیرو ریٹڈاور ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے 5 فیصد کیا جائے، کاٹن سیڈآئل پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے، زراعت کو متاثر کرنے والے عوامل کو قابو کیا جائے اور شہری آبادی کو کنٹرول کر نے کے ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر کو فروغ دیا جائے تاکہ زرعی زمین محفوظ رہے۔

انہوں نے پی سی جی اے کے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ پی سی جی اے پاکستان کی سب سے بڑی اور موثر ایسوسی ایشن ہونے کی وجہ سے ہمیشہ بہت فعال کردار ادا کرتی رہی ہے اور آج بھی ہم نے لیڈ کر کے ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کیا۔ اجلاس میں سابق چیئرمین آل پاکستان بیڈ شیٹس ایسوسی ایشن سید محمد عاصم شاہ، وائس چیئرمین آل پاکستان بیڈ شیٹس ایسوسی ایشن غالب قریشی، سینئر وائس پریذیڈنٹ ملتان چیمبر سہیل طفیل، وائس چیئرمین چوہدری خالد رفیق،سابق چیئرمین حاجی محمد اکرم،حاجی حفیظ انور، ایگزیکٹو ممبرچوہدری وحید ارشد، چوہدری خالد بشیر، محمد شاہد حنیف نے شرکت کی۔