پروفیسر اقبال چوہدری مسلم دنیا کے سب سے بڑے اعزاز سے ہمکنار

پاکستانی سائینسدان نے تہران میں منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا بیان پروفیسر اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری میں گرانقدر خدامت انجام دینے کے اعتراف میں یہ اعزاز ملا ہے

جمعہ 22 اکتوبر 2021 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کو ایران کے شہر تہران کے وحدت ہال میں جمعرات کومنعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں مسلم دنیا کا سب سے بڑا سائینس اور ٹیکنالوجی کا اعزاز ’’مصطفیٰ ؐ پرائز برائی2021‘‘ عطا کیا گیا ہے۔

مشہور پاکستانی سائینسدان پروفیسر اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گرانقدر خدامت انجام دینے کے اعتراف میں مصطفیٰ پرائز بشمول میڈل،5لاکھ ڈالر اور سند سے ہمکنار کیا گیا ہے، مطابق مصطفیٰ ؐ پرائز کو مسلم دنیا کا نوبل پرائز تصور کیا جاتا ہے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کا انتخاب متعلقہ شعبے میں تقریباً500اُمیدواروں کے درمیان سے کیا گیا ہے،2021ء میں مصطفیٰ پرائز کی چوتھی تقریب منعقد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کے دوران پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے سائینس کی بے لوث انتھک خدمت کررہیں تاکہ سائینسی خدمات سے لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے، انہوں نے کہا اس ایوارڈ سے انہیں مزید کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ اس تقریب میں چیئر مین حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن عزیز لطیف جمال اور چیئر پرسن ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ محترمہ نادرہ پنجوانی صاحبہ نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ ؐ پرائز کو مسلم دنیا کا نوبل پرائز تصور کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہی, بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہٴ امتیاز، ستارہٴ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔