Live Updates

حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے ، شہباز شریف

موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لئے زہر قاتل بن چکی ہے ، حکومت سے نجات حاصل نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے ، پاکستان کی معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 13:17

حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے ، شہباز ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا کیوں کہ اس حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے ، مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مزید بڑھا دیں ، کیا یہ ہے اس حکومت کا احساس اور وعدہ؟ مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لئے سنجیدہ ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک اور قوم کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں حکومت کو معاشی تباہی اور مہنگائی کے ذریعے قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر میری بات سچ ثابت ہوئی کہ یہ حکومت عوام اور آئی ایم ایف دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور جھوٹ بول رہی ہے ، اگر آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئیں، مذاکرات آگے نہیں بڑھے تو پھر قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا جارہا ہے؟ حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے ؟ شرائط نہیں مانیں تو پھر مہنگائی کیوں؟ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور آئی ایم ایف کی سلامتی وقومی اداروں کے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق شرائط خطرے کی گھنٹی ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ ہر روز چائے، چینی، آٹے، انڈے، دودھ، دہی، گھی، چاول، سبزیوں اور دوائی کی قیمت بڑھتی ہی جا رہی ہے؟ معاشی تباہی کی جلتی آگ پر مہنگائی تیل کا کام کررہی ہے، حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لئے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے، موجودہ حکومت کی ناکامی پاکستان کے وجود اور مفادات کے لئے زہر قاتل بن چکی ہے ، حکومت سے نجات حاصل نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے ، اس لیے موجودہ پوری حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے ، مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لئے سنجیدہ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے، ثابت ہوچکا ہے کہ ملک اور قوم کے مسائل کو یہ حکومت حل نہیں کرسکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لئے سنجیدہ ، قابل اور دیانت دار ٹیم کی ضرورت ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک اور قوم کے ساتھ سنگین زیادتی ہے ، مہنگائی ، معاشی تباہی اور بے روزگاری کی سزا ملک اور قوم بھگت رہی ہے ، حکومت کو احساس نہیں کہ غریب ہی نہیں سفید پوش طبقہ پس چکا ہے، اس ظالم حکومت سے نجات کے لئے پوری قوم کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا اور فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات