’’جس حکومت کو دھاندلی نے جنم دیا ہو اسے بلدیاتی الیکشن کرانےکا کوئی حق نہیں‘‘

پی ڈی ایم ملک میں صاف شفاف اور غیرجانب دارانہ الیکشن فوراً اور جلد از جلد چاہتی ہے، مولانا فضل الرحمان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 24 اکتوبر 2021 21:47

’’جس حکومت کو دھاندلی نے جنم دیا ہو اسے بلدیاتی الیکشن کرانےکا کوئی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 24اکتوبر 2021) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک میں صاف شفاف اور غیرجانب دارانہ الیکشن فوراً اور جلد از جلد چاہتی ہے، لیکن جس حکومت کو دھاندلی نے جنم دیا ہو اسے بلدیاتی الیکشن کرانےکا کوئی حق نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ قوم اور ملک کو اس حکومت سے نجات دلانا وقت کی ضرورت ہے۔

ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کے مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کررہے ہیں، موجودہ حکومت، ناجائز ، نااہل اور ظالمانہ ہے جو قوم پر مسلط ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم اور ملک کو اس حکومت سے نجات دلانا قوم سے ہمدردی اور وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ملک میں صاف شفاف اور غیرجانب دارانہ الیکشن فوراً اور جلد از جلد چاہتی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ جس حکومت کو خود دھاندلی نے جنم دیا ہو اسے ملک میں بلدیاتی الیکشن کرانےکا کوئی حق ہے اور نہ کوئی جواز حاصل ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ایک صف میں ہے جو 25 جولائی 2018 کے انتخابات کو قبول نہیں کرتی، ہم ووٹ کی طاقت کو واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم کی دعاؤں کے ساتھ اللہ ہمیں کامیاب کرے گا، کل پورا پاکستان اپنا فیصلہ منوائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر سیاست دانوں کے خلاف ڈرامے اب مزید نہیں چل سکیں گے، اس جنگ میں پوری قوم ہمارے شانہ بشانہ ہے، جس امانت کو لوٹا گیا تھا، ہم اس کے لیے نکلے ہیں اور عوام دوبارہ ووٹ دےکر صحیح حقدار کا انتخاب کرے گی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ناموس رسالت کی حفاظت اور پاکستان کی بقاء اور سلامتی کےلیےنکلے ہیں، یہ نا اہل حکومت ہمیں معاشی بحران سےنکال نہیں سکتی۔