کویت میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو عرب باشندوں نے لوٹ لیا

نامعلوم افراد میں سے ایک نے چھری نکال کر ٹیکسی ڈرائیور کی گردن پر رکھ دی اور ڈرائیور کو زدوکوب کیا ، اس دوران دوسرے نے ڈرائیور کی جیب سے 150 دینار نکال لیے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 10:32

کویت میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو عرب باشندوں نے لوٹ لیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر2021ء ) خلیجی ملک کویت کے علاقے خیطان میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو عرب باشندوں نے لوٹ لیا ، واردات کے جرم میں کویتی پولیس 3 نامعلوم عربوں باشندوں کی تلاش کر رہی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک عرب باشندے نے پاکستانی ڈرائیور کی ٹیکسی بک کی اور کہا کہ انہیں خیطان سے سعدالعبداللہ جانا ہے اس کے بعد پاکستانی ڈرائیور وہاں سے انہیں واپس خیطان لے آئے لیکن خیطان پہنچنے پر انہوں نے بہانہ کیا کہ ان کے پاس ٹیکسی ڈرائیور کو کرایہ دینے کے لئے چینج نہیں ہے لہٰذا ان میں سے ایک ٹیکسی سے باہر نکل کر قریب ہی ایک دکان پر چلا گیا اور اس کے باقی دو ساتھی گاڑی کے اندر ہی موجود رہے ، اس دوران ٹیکسی میں موجود باقی 2 نامعلوم افراد میں سے ایک نے چھری نکال کر ٹیکسی ڈرائیور کی گردن پر رکھ دی اور ڈرائیور کو زدوکوب کیا اور دوسرے نے ڈرائیور کی جیب سے 150 دینار نکال لیے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نا معلوم افراد ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی خیطان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور بقالہ میں رقم چینج کرنے کے لئے گئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو متعلقہ اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ دوسری طرف کویت میں لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی نے والدین کے نام پیغام میں خطرناک دھمکی دے دی ، اس ضمن میں کویت میں مقیم ایک پاکستانی شہری نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 15 سالہ بیٹی لاپتہ ہوگئی ہے ، جس کے بعد لڑکی جانب سے والدین کے نام بھیجے گئے واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں جنگجوؤں کے ساتھ شامل ہوکر اسرائیل کے خلاف لڑوں گی۔

اس حوالے سے کویتی پولیس نے بتایا کہ کویت کے علاقے خیطان پولیس سٹیشن میں ایک 50 سالہ پاکستانی نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 15 سالہ بیٹی لاپتہ ہوگئی ہے اور گھر سے اس کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی غائب ہیں تاہم بیٹی نے واٹس ایپ پر رابطہ کر کے کہا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے ساتھ شامل ہونے جا رہی ہے جس کے بعد وہ اسرائیل کے خلاف لڑے گی یا اسرائیل جا کر خود کو دھماکے سے اڑادے گی۔

پولیس کے مطابق لڑکی کا موبائل ٹریک کرنے اور سم ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ وہ اس وقت کویت میں السالمیہ محلے میں کہیں موجود ہے اور بیرون ملک نہیں گئی ، جس پر لڑکی کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر دیا تاکہ وہ بیرون ملک سفر نہ کر سکے جب کہ لڑکی کو تلاش کرنے کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے اور بہت جلد لڑکی کا کھوج لگالیا جائے گا۔