یوم سیاہ کشمیر پر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی طرف سے ایک ویبینار کا انعقاد

Mehwish Zaffar مہوش ظفر جمعرات 28 اکتوبر 2021 18:11

یوم سیاہ کشمیر پر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی طرف ..
برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) بھارت کی جانب سے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر ناجائز قبضہ کرنے کے خلاف جہاں دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا گیا وہیں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس روس کے زیر اہتمام زوم پر عالمی کشمیر کانفرنس منعقد کی گئی جس میں پاکستان ، امریکہ اور روس سمیت مختلف ممالک کی اہم شخصیات نے شرکت کی .
جنت نظیر وادی کشمیر ، جہاں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی ، اپنا حق آزادی مانگنے والوں کو گولیوں سے چھلنی کردیا جاتا ہے ، پیلٹ گنوں سے بینائی چھین لی جاتی ہے اور جواں سال خواتین کی عصمت دری کرکے انہیں زندہ درگور کردیا جاتا ہے ، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس نے یوم سیاہ کے موقع پر عالمی ضمیر کو جگانے اور بے گناہ کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کےلئے زوم پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں روس میں متعین پاکستانی سفیر شفقت علی خان اور بیلاروس میں متعین سفیر سجاد حیدر خان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا
،ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش حقیقتا بھارت کی اپنی ہی پالیسوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)


اگر بھارت اپنے ظلم و بربریت کی سیاست میں کامیاب ہو پاتا تو اسے کبھی بھی یہ حربہ استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔
مگر خواہ بھارت کچھ بھی کرنے نہ وہ پہلے کشمیری مسلمانوں کو آذادی کی جدوجہد میں رتی بھر بھی پیچھے کر پایا ہے اور نہ کبھی آئندہ کر پائے گا۔
کانفرنس میں ورلڈ کشمیر اوئیرنس فورم امریکہ  کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی ،   سینئر تجزیہ کار و معروف کالم نگار ہارون رشید ، ری پبلکن پارٹی کے مسلم راہنما ساجد تارڈ ، چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چودھری پرویز اقبال ، چیئرمین ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ،  سابق ممبر برسلز پارلیمنٹ بیلجیم ڈاکٹر منظور ظہور ،  صدر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس شاہد چوہان، ناروے کی سماجی شخصیت شاہد جمیل،  صدر پاکستان کمیونٹی روس ملک شہباز  نے اظہار خیال کیا ، شرکاء نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے جانے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے
عالمی کشمیر کانفرنس میں میزبانی کے فرائض ماسکو سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے سنٹرل ایشیا کے کوآرڈینیٹر شاہد گھمن اور واشنگٹن سے صدر پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن خرم شہزاد نے انجام دئیے ، کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری مسلمان ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کریں تاکہ مظلوم کشمیری بھی آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں۔