جان محمد جمالی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے

اسپیکر کے لیے صرف جان محمد جمالی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 اکتوبر 2021 13:02

جان محمد جمالی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 اکتوبر 2021ء) : بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئیر رہنما جان محمد جمالی بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئیر رہنما جان محمد جمالی نے اپنے کاغزات نامزدگی جمع کروائے تو ان کے مقابلے میں کسی بھی اُمیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے جس کے تحت جان محمد جمالی بلا مقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہو گئے۔

جان محمد جمالی کے کاغذات نامزدگی پر نوابزادہ طارق مگسی نے تجویز کنندہ کی حیثیت سے دستخط کئے ۔ خیال رہے کہ گورنر بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کیا تھا، جس میں نئے اسپیکر کے لئے رائے شماری ہونی تھی، لیکن پھر سیکرٹری اسمبلی کا بیان سامنے آیا کہ اسپیکر کے انتخاب کے لیے اب رائے شماری نہیں ہوگی، جس کے نتیجے میں جان محمد جمالی رائے شماری کے بغیر ہی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ میر جان محمد جمالی کی بطور اسپیکر کامیابی کا اعلان آج سہ پہر تین بجے کیا جائے گا۔ طارق مگسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ باہمی اتفاقِ رائے سے سسٹم چلے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے میری نو منتخب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے بات چیت ہوئی ہے۔ طارق مگسی نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل بھی جلد ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز میر عبدالقدوس بزنجو بھی بلامقابلہ نئے وزیراعلٰی بلوچستان منتخب ہوگئے تھے۔ کوئٹہ میں گورنر ہاؤس وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقریب حلف برداری ہوئی۔تقریب میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوئے۔ گورنر بلوچستان ظہور آغا نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیا۔ بلوچستا ن عو امی پارٹی کے رکن سابق اسپیکربلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 17ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ انہیں 39ارکان اسمبلی نے ووٹ دیکر قائد ایوان منتخب کیا تھا جبکہ اپوزیشن بنچز سے کسی رکن نے قائد ایوان کے انتخاب میں ووٹ رجسٹر نہیں کروائے اور رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔