انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک کے سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، حافظ طاہر اشرفی

پاکستان کا آئین و قانون اور پرچم تسلیم کرنے والوں سے بات چیت ہونی چاہئے، وزیر اعظم کے معاو ن خصوصی کی گفتگو

جمعرات 11 نومبر 2021 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2021ء) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک کے سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ، اسلامی دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی پر قابو پایا ہے ، عراق ، شام ، یمن ، لیبیا کے حالات دنیا کے سامنے ہیں ، پاکستان کا آئین و قانون اور پرچم تسلیم کرنے والوں سے بات چیت ہونی چاہئے ، ماضی کی تمام حکومتوں نے تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم تنظیموں سے رابطے بھی رکھے اور مذاکرات بھی کئے جبکہ سیاسی جماعتیں انتخابات میں کالعدم تنظیموں سے تعاون حاصل کرتی رہی ہیں ، قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل سے ہی انتہاپسندی ختم ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا محمد شہباز ، صاحبزادہ ثاقب منیر، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کے اگر اسباب دور ہو گئے ہیں تو ان کو بحال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ، دیگر کالعدم جماعتیں جو مطالبہ کر رہی ہیں اس حوالہ سے پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں امن ملک کے سلامتی کے اداروں ، افواج پاکستان اور قوم کے اتحاد کی وجہ سے ہے ، فوج اور ملک کی سلامتی کے اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جنگ میں فوج ، پولیس، سلامتی کے اداروں ، معصوم بچوں، جوان اور 8 ہزار سے زائد علما و مشائخ کا خون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کے حالات تقاضا کرتے ہیں کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ اختیار کریں ، افغانستان کے حالات ، عالم اسلام سے بالخصوص اور عالمی دنیا سے بالعموم فوری طور پر تعاون کا تقاضا کرتے ہیں اس حوالہ سے پاکستان علما کونسل کل اہم پیغام امت مسلمہ کے قائدین کے نام جاری کرے گی۔