بی جے پی فیس بک کو جعلی خبریں پھلانے کیلئے استعمال کر رہی ہے، کانگریس

ہفتہ 13 نومبر 2021 15:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2021ء) انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سماجی رابطوںکی سائٹ فیس بک کو بھارت میں نفرت اور جعلی خبریں پھیلانے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے تحقیقات کرائی جائیں اور ملک میں فیس بک اور وٹس ایپ کو محدود کرنے کے لیے قانون بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے رہنمائوں روہن گپتا اور پروین چکرورتی نے نئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فیس بک کا غلط استعمال بند کیا جائے کیونکہ اس سے بھارت کے اتحاد کو خطرہ ہے۔ کانگریس نے فیس بک کے چیئرمین مارک زکربرگ کو بھی خط لکھا اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے پھیلائی جانے والی نفرت انگیز تقاریر اور جعلی خبروں کی آزادانہ تحقیقات کرائیں۔ روہن گپتا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فیس بک بھارت میں نفرت پھیلانے کے لیے بی جے پی کا ایک ہتھیار بن گیا ہے ،ہمارے ملک کے اتحاد پر حملہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سب کو اسے سمجھنا ہوگا اور مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔