Live Updates

گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے بیان حلفی کے معاملے پر انکوائری ہونی چاہیے ، سچ قوم کے سامنے آنا چاہیے،پیپلز پارٹی

عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے،ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے تجاوز نہیں کرنا چاہیے،پیپلز پارٹی یوم تاسیس پشاور میں منائے گی، جلسہ ضرور ہوگا ،عمران خان کو ڈر ہے فارن فنڈنگ کیس کے بعد ان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل جائے گی،جوائنٹ سیشن میں کوئی بھی کالا قانون لانے کی کوشش کی گئی تو جمہوری نمائندہ کی حیثیت سے بھرپور مزاحمت کریں گے،نیئر بخاری اور شازیہ مری کی گفتگو

منگل 16 نومبر 2021 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے بیان حلفی کے معاملے پر انکوائری ہونی چاہیے ، سچ قوم کے سامنے آنا چاہیے،عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے،ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے تجاوز نہیں کرنا چاہیے،پیپلز پارٹی یوم تاسیس پشاور میں منائے گی، جلسہ ضرور ہوگا ،عمران خان کو ڈر ہے فارن فنڈنگ کیس کے بعد ان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل جائے گی،جوائنٹ سیشن میں کوئی بھی کالا قانون لانے کی کوشش کی گئی تو جمہوری نمائندہ کی حیثیت سے بھرپور مزاحمت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری اورشازیہ مری نے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

نیئر حسین بخاری نے کہاکہ قوم میں ایک اضطراب اور پریشانی ہے انکا حل کیا ہے اس پر بات کریں گے ،ملک میں بے چینی کی وجہ بڑھتی مہنگائی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،اشیاء خوردونوش میسر بھی نہیں ہیں ،حکمران نااہل اور ناتجربہ کار ہیں ،عوام کا کوئی خیال نہیں ہے،ان حکمرانوں کو عوام کا کیا ہوگا جو پٹرول بھی عوام کے ٹیکس سے ڈلواتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جس ملک کی معیشت کمزور ہو وہ ترقی کی جانب گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہاکہ نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی،پہلے جوائنٹ سیشن جلد بازی میں بلایا گیا پھر موخر کر دیا گیا،ان کو جوائنٹ سیشن کرنا چاہیے تھا بزدلی کا مظاہرہ کیا۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری بہادر ہے دہشتگردوں کے خلاف کھل کر بات کی۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کے قول وفعل میں تضاد ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسپیکر پارلیمان کی نمائندگی کرتا ہے ،ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ سابق چیف جج کے بیان حلفی کے معاملے پر انکوائری ہونی چاہئے، سچ قوم کے سامنے آنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی یوم تاسیس پشاور میں منائے گی،ہم نے درخواست دی اجازت نہیں دی گئیہم خبر دار کرنا چاہتے ہیں ہم یوم تاسیس کا جلسہ پشاور میں ضرور کریں گے۔

شازیہ مری نے کہاکہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں کے قبضے میں ہے۔انہوںنے کہاکہ نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت جادو اور زائچوں سے چلائی جا رہی ہے،عوام کے لئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی،عوام اب ان نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہاکہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کو کیوں لٹکانا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کو ڈر ہے فارن فنڈنگ کیس کے بعد ان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل جائے گی۔انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ جمع کرتے رہے اب حساب نہیں دے رہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، الیکشن کمیشن پر حملے کیے جا رہے ہیں،ای وی ایم کو نا صرف اپوزیشن نے مسترد کیا بلکہ اتحادیوں نے بھی اعتراض اٹھایا،جوائنٹ سیشن میں کوئی بھی کالا قانون لانے کی کوشش کی گئی تو جمہوری نمائندہ کی حیثیت سے بھرپور مزاحمت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات