پی ایس ایل7 ، 100 فیصد شائقین کو سٹیڈیم میں لانے کی تیاری

شائقین لیگ کرکٹ کا حسن ،سٹیڈیم میں موجودگی سے ہی میچز کو چار چاند لگتے ہیں :فرنچائزز ،حتمی فیصلہ این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 نومبر 2021 15:18

پی ایس ایل7 ، 100 فیصد شائقین کو سٹیڈیم میں لانے کی تیاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2021ء ) پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن میں 100 فیصد شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر پی سی بی اور فرنچائزز متفق ہو گئیں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل 7 کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بائیو سیکیور ببل اور شائیقن کرکٹ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے سے متعلق نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائزز نے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں 100 فیصد شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فرنچائزز کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ لیگ کرکٹ کا حسن ہیں اور شائقین کے سٹیڈیم میں موجودگی سے ہی میچز کو چار چاند لگتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی اور فرنچائزز نے اتفاق کیا ہے کہ پوری کوشش کی جائے گی کہ 100 فیصد شائقین پی ایس ایل 7 کے میچز دیکھنے سٹیڈیم میں آئیں۔

حتمی فیصلہ این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہوگا۔ پی ایس ایل 7 کے دوران بائیو سیکیورببل میں کھلاڑیوں کوریلیف دینے پر پی سی بی میڈیکل پینل اور فرنچائزز میں بات چیت بھی ہوئی۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پچھلے سیزن میں عالمی وبا کورونا کے باعث صرف 20 فیصد شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ پی ایس ایل 5 میں کورونا کے باعث ملتوی کیے گئے میچز سٹیڈیم میں کراوڈ کے بغیر ہوئے تھے۔