حکومت بلوچستان نے طلباء تنظیموں کے رہنمائوں سے مذاکرات کے بعد دولاپتہ طلباء کی بازیابی تک جامعہ بلوچستان کو بند کردیا ہے، وزیر مواصلات و تعمیرات

جمعہ 26 نومبر 2021 19:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) حکومت بلوچستان نے طلباء تنظیموں کے رہنمائوں سے مذاکرات کے بعد دولاپتہ طلباء کی بازیابی تک جامعہ بلوچستان کو بند کردیا ،یہ اعلان بی اے پی کے ترجمان اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے جمعہ کو جامعہ بلوچستان میں طلباء تنظیموں کے رہنمائوں زبیر بلوچ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ یکم نومبر کو جامعہ بلوچستان سے دو طلباء لاپتہ ہوئے جس کے بعد نو نومبر سے طلباء کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا تھا طلباء سے متعدد مذاکرات کے دور ہوئے جس کے بعد گزشتہ رات اس فیصلے پر پہنچے ہیں کہ جب تک طلباء بازیاب نہیں ہوتے جامعہ بلوچستان کو اس وقت تک بند کردیا گیا ہے تاہم صوبے کی دیگر جامعات کھلی رہیں گی اور اس دوران طلباء اپنا احتجاج بھی 15روز کے لئے موخرکریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ پندرہ دن سے قبل ہی لاپتہ طلباء فصیح اور سہیل کو بازیاب کروائے خواہ وہ کسی ادارے کے پاس ہیں یا پھر انہیں کسی نے اغواء کیا ہے انہوں نے کہا کہ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاملے کو انتہائی سنجیدیگی سے لیا ہے ہم نے آئی جی پولیس سمیت تمام متعلقہ حکام کو آن بورڈ لیا ہے طلباء کا احتجاج ملک گیر احتجاج کی آواز بنا ہے ہم نے واضح کیا ہے کہ طلباء کی گمشدیگی غلط ہے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھلے ماحول میں تعلیم کا حصول ہونا چاہیے ایسا کرنے سے طلباء اپنی صلاحتیں بہتر انداز میں بروئے کار لا سکتے ہیں لیکن مختلف حیلے بہانوں سے تعلیمی اداروں میں کھلے ماحول کوروکا گیا انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد بتدریج سیکورٹی فورسز کی چوکیاں کم کی گئی ہیں جامعہ بلوچستان میں بھی اس حوالے سے طلباء سردیوں کی چھٹیوں کے بعد جب واپس آئیں گے تو اسپورٹس کمپلکس سمیت دیگر مقامات پر تبدیلی محسوس کریں گے البتہ ماضی کی طرح ضروری پولیس کی نفری موجود ہوگی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہیں او پی ڈی کا بائیکاٹ غلط ہے اس سے عام مریض پریشانی کا شکار ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے ریڈ زون پر دھرنا دے رکھا ہے جس سے پورے کوئٹہ شہر کا ٹریفک نظام درہم برہم ہے ہم سختی پر نہیں جا نا چاہتے ہم بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کے قائل ہیں البتہ اگر ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال ایسے معاملات پر ہے جو انکے اختیار یا دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہیں تو کواہ ماخواہ تکلیف دینے کا جواب تکلیف سے دیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی ڈاکٹر وں کے خلاف احتجاج کی تنبیح کی ہے اگر عدالت سے احکامات ملے تو حکومت کاروائی کریگی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین زبیر بلوچ نے کہا کہ حکومت اور طلباء کے درمیان چھ نشستیں ہوئیں جن کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ طلباء اپنا احتجاج 15روز کے لئے موخر کریں گے تب تک جامعہ بلوچستان بند رہے گی اگر 15دن میں لاپتہ طلباء بازیاب نہیں ہوتے تو ہم دوبارہ احتجاج کریں گے ۔