ورلڈ بینک کا افغانستان کو منجمد فنڈز سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ

منگل 30 نومبر 2021 16:08

ورلڈ بینک کا افغانستان کو منجمد فنڈز سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی تجویز کو عملی شکل دینے کیلئے افغانستان کے منجمد فنڈز میں سی50 کروڑ ڈالر جاری کرنے پر کام کر رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک بورڈ کے ارکان نے افغانستان کی تعمیر نو کے منجمد ٹرسٹ فنڈ سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اہم اجلاس منعقد کیا ۔

(جاری ہے)

ورلڈ بینک میں افغانستان کے ترقیاتی پروجیکٹس کیلئے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم موجود ہے جسے طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے منجمد کردیا گیا تھا تاہم اب اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم این جی اوز اور عالمی اداروں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منصوبے کے واقف کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان سے سینکڑوں امدادی کارکن انخلا کرچکے ہیں اور ایسی صورتحال میں امدادی رقوم کی منصفانہ تقسیم بہت بڑا چیلنج ہوگی۔افغان ماہرین کی رائے بھی تجربہ کار امدادی کارکنوں کی کمی کے باعث انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی گئی امدادی رقوم کا درست استعمال اور ترقیاتی پروجیکٹس کی تکمیل ایک مشکل ہدف ہے۔