حیدر علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری سکور کرڈالی

نوجوان بلے باز نے نادرن کی جانب سے سینٹرل پنجاب کیخلاف 221 گیندوں پر 26 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 206 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 دسمبر 2021 17:09

حیدر علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری سکور کرڈالی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2021ء ) پاکستان کے نوجوان کرکٹر حیدر علی نے نادرن اور سینٹرل پنجاب کے درمیان جاری قائداعظم ٹرافی کے میچ میں اپنی پہلی فرسٹ کلاس ڈبل سنچری بنا کر ناقدین کو منہ توڑ جواب دے دیا۔ 21 سالہ نوجوان کرکٹر جسے بعض کرکٹ ماہرین کی طرف سے محدود اوورز کا کھلاڑی سمجھا جاتا ہے، نے ایک شاندار اننگز کھیل کر کھیل کے طویل فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

حیدر علی نے ڈیڑھ سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی پر صرف 221 گیندوں پر 26 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 206 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
نوجوان بلے باز نے گرائونڈ کے چاروں طرف رنز بنائے ،انہوں نے وقاص مقصود، عثمان قادر، اور احمد صفی عبداللہ سمیت سینٹرل پنجاب کے باؤلنگ یونٹ کو خوب دھویا۔

(جاری ہے)

حیدر علی کی غیر معمولی اننگز نے ناردرن کو چار روزہ میچ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 445 رنز کے بڑے مجموعی سکور میں مدد دی۔

ناردرن اب بھی قائداعظم ٹرافی میں اپنی پہلی جیت کی تلاش میں ہے اور بین الاقوامی ستاروں حیدر علی اور حارث رؤف کی شمولیت کے بعد وہ اس مقابلے سے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ سیٹ پر ہے۔ حیدرعلی اب تک 8 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں اور اپنے مختصر کیریئر میں اب تک ایک ڈبل سنچری سمیت 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ وہ اب تک 15 فرسٹ کلاس اننگز میں 57.2 کی اوسط سے 858 رنز بنا چکے ہیں۔