سندھ کا نیا بلدیاتی نظام کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہوگی ، وائس چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید حفیظ الدین

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:37

حیدرآباد۔3دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 03 دسمبر2021ء) :پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین سید حفیظ الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت آمرانہ فیصلوں سےنچلی سطح کے منتخب نمائندوں کے اختیارات اور شہری ادارے چھین رہی ہے، ہمیں  اس کا منظور کردہ بلدیاتی (ترمیمی )بل 2021ءقبول نہیں ہے،  ہم پورے سندھ میں اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

  وہ پاکستان ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ، ان کے ہمراہ سندھ کے رہنما اللہ دین قائم خانی ، ریاست قائم خانی ، علی بروہی حیدرآباد ڈویژن کے صدر ندیم قاضی ، رضوان گدی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔  انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بے اختیار بنادیا ہے اور ظلم یہ ہے کہ وہ صوبائی ادارے چلانہیں پارہی ہے لیکن اس نے بلدیہ سے ہسپتال ، تعلیمی ادارے ، مالیاتی اختیارات وغیرہ سب چھین لیے ہیں، صرف صفائی کا کام دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے اس نئے بل کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ہم رائے عامہ ہموار کررہے ہیں۔  پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر مسلم لیگ (ق) کے رہنماچوہدری  پرویز الہی سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے۔ ہمیں سب کو مل کر پیپلز پارٹی کی حکومت کے اس ظالمانہ قدم کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی -