ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ٹیوٹا مصطفی کمال پاشاسرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوگئے

جمعرات 23 دسمبر 2021 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2021ء) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ٹیوٹا ، مصطفی کمال پاشا عمر رفتہ کی 60 بہاریں دیکھنے اور 30 سالہ پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دینے کے بعد آج سرکاری ملازمت سے رخصت ہو گئے ہیں آپکی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز 1991 میں لاہور سٹاک ایکسچینج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بنیادیں رکھنے سے ہوا۔ یہاں انہوں نے سرمائے کی منڈی کے انتظامی اور پیشہ وارانہ معاملات کے بارے میں مطالعہ اور مشاہدہ کیا ۔

اسی دوران ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے 250 ملین ڈالر کے " کیپیٹل مارکیٹ ریفارمز " منصوبے کے عملی نفاذ میں براہ راست حصہ لیا۔ اس کے بعد آپ ٹیلکام سیکڑ میں چلے گئے پی ٹی سی ایل پنجاب اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی میں میڈیا مینجمنٹ ماہر کے طور پر خدمات سر انجام دینے کے بعد 2006 میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے وابستہ ہوئے یہاں اولین شعبہ تعلقات عامہ قائم کیا اور 15 سال تک اسکی آبیاری کرتے ہوئے آج یہاں سے رخصت ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں انہوں نے خالد محمود سابق وفاقی سیکریڑی / چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ ، سعید علوی سابق وفاقی سیکریڑی اور جنرل شہزاد عالم ملک (بانی این سی او) جیسے نامور اور سکہ بند بیوروکریٹس اور محسن سید ، عارف سعید ، اور علی سلمان صدیق جیسے نجی شعبے کے جید اور بڑے راہنما افراد کے ساتھ کام کیا اور فنی تعلیم کے بارے میں ان حضرات کے وژن کو عامتہ الناس تک پہنچانے اور شعبے کو با عزت مقام دلانے میں انتھک محنت کی۔

مصطفی کمال پاشا پیشہ ور میڈیا مینیجر ہونے کے ساتھ ساتھ مصنف ، محقق اور تجزیہ نگار بھی ہیں 12 کتابوں کے مصنف اور سینکڑوں مضامین ، فیچرز اور تجزیوں کے لکھاری بھی ہیں۔ ریٹائر منٹ کے بعد ملی شعو ر اجاگر کرنے کے لیے قومی صحافت میں ایک نئے ولولہ انگیز کیریئر کی شروعات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں