2002 سے ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ ملے ہیں،سعید غنی کا مفتاح اسماعیل کے طنزیہ ٹوئٹ پر جواب

اتوار 26 دسمبر 2021 19:50

Bکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2021ء) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ 2002 سے ہر الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔سعید غنی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کے ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ اگر پنجاب کی بات ہو تو آپ فرماتے ہیں کہ ن لیگ نے وہاں بہت کام کیا ہے، اس لئے عوام آپ کو ووٹ دیتی ہے۔

لیکن اگر سندھ کی باری آئے تو اپنی دلیل سے منکر ہوجاتے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ نے 2002 سے ہر الیکشن میں پی پی پی کو پہلے سے زیادہ ووٹ دیئے ہیں اور آپ کہتے ہیں کہ ہم کام نہیں کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی پرانی بات نہیں کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں پی پی پی نے کراچی میں ساری جماعتوں سے زیادہ ووٹ لئے ہیں اور آپ کی جماعت کہیں نظر نہیں آئی۔

(جاری ہے)

سعید غنی کے بیان کے مطابق چھ میں سے تین کنٹونمنٹ پی پی پی نے جیتے ہیں۔ این اے 249 میں آپ 36 ہزار سے 15 ہزار پر پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میںں آپ کے نتائج پی ٹی آئی سے زیادہ عبرتناک ہیں۔سعید غنی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ شاید سوائے 2018 کے آپ کی جماعت نے سارے الیکشن اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں لڑے، جبکہ پیپلز پارٹی اسٹبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے لڑتی رہی ہے۔

سعید غنی نے لکھا کہ ایک چھوٹی سی امید ہی کی جاسکتی ہے، اگلے الیکشن آپ بغیر کسی سہارے کے لڑیں گے۔ تبھی معلوم ہوگا عوام کس کے کاموں سے مطمئن ہے اور کسے ووٹ ڈالتی ہے۔خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹوئٹڑ پیغام میں کہا تھا کہ چونکہ پی پی پی سندھ میں کہیں بھی کوئی کام کرنے پر یقین نہیں رکھتی اور پی ٹی آئی صرف پی ایم ایل این کے منصوبوں پر ’’تختی‘‘ لگاتی ہے، اس لیے پی ایم ایل این کو تمام ترقیاتی کام اکیلے ہی کرنے پڑتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ اگلی بار انشائ اللہ ہم کراچی میں مزید 2 بس لائنیں اور حیدرآباد میں ایک بس لائن بنائیں گے۔