بہاولپور سے اغوا 2 بہنیں کراچی سے بازیاب

دونوں بہنوں کو نکاح کی غرض سے کراچی لایا گیا تھا، پولیس حکام

بدھ 5 جنوری 2022 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2022ء) ملیر سٹی پولیس نے بہاولپور سے اغوا کر کے لائی گئیں 2 سگی بہنوں کو بازیاب کرالیاہے۔دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ تھانہ خیر پور ٹامیوالی ضلع بہاولپور میں والد سلطان احمد کی مدعیت میں درج ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایس ایچ او ملیر سٹی چوہدری اسلم نے بتایا کہ بازیاب کرائی گئی دونوں بہنوں 18 سالہ عائشہ اور اس کی چھوٹی بہن 17 سالہ طاہرہ دختر سلطان احمد کو علاقے میں واقع پاپولر پلازہ سے مدد گار 15 پولیس پر کی جانے والی کال پر بازیاب کرایا گیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں بہنوں کو نکاح کی غرض سے کراچی لایا گیا تھا جبکہ مذکورہ واقعہ خاندانی تنازعہ معلوم ہوتا ہے تاہم ملیر سٹی پولیس نے پنجاب کے متعلقہ تھانے کی پولیس کو لڑکیوں کی بازیابی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے ۔