Live Updates

نوجوانوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب کی 40 تحصیلوںمیں سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں‘صوبائی وزیر کھیل

صوبہ کے چودہ سو دیہات میں گراونڈز تیار کرنے کیلئے زمین مختص کر دی‘150 گراونڈ مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 350 رواں مالی سال میں مکمل ہو جائیں گے

اتوار 16 جنوری 2022 12:20

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور حیات بھٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی 40 تحصیلوںمیں سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں جن کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فنڈ فراہم کر دئیے ہیں۔زرائع کے مطابق صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور حیات بھٹی نے سوا چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے تحصیل سپورٹس کمپلیکس بھیرہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئیکہا کہ بھیرہ سپورٹس کمپلیکس وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی چوہدری ندیم افضل چن کی خصوصی کوششوں سے مکمل کیا گیا۔

انہوں نیبتایاکہ حکومت نے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبہ کے چودہ سو دیہات میں گراونڈز تیار کرنے کے لئے زمین مختص کر دی ہے جن میں سے 150 گراونڈ مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 350 رواں مالی سال میں مکمل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں انٹرنیشنل سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر جاری ہے جس سے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع میسر ہوں گے اور وہ کھیلوں میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر کے دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا بلند کریں گے۔

اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ میں 2008 سے حلقہ کی خدمت میں مصروف ہوں اور اقتدار کی بجائے عوام کی خدمت میرے نزدیک اہم ہے حلقہ میں سوئی گیس بجلی سپورٹس اور عوام کو روزگار کی فراہمی کے لیے کوشاں ہوں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور حکومت نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرگودہا کے نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔بتایا گیا کہ اس سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ گراونڈ ، کرکٹ پیچز، فٹبال گراونڈ،باسکٹ بال گراونڈ،والی بال کورٹ،جاگنگ ٹریک اور اوپن جم کی سہولیات کھلاڑیوں کو دستیاب ہوں گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات