وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا‘ پیر سید عارف حسین شاہ گیلانی

اتوار 23 جنوری 2022 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) چئیرمین مرکزی زکوة کونسل آزاد جموں وکشمیر پیر سید عارف حسین شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو سعودی عرب میں جو پروٹوکول ملا اس سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کی عزت افزائی ہوئی، یہ پروٹول وزیر اعظم آزاد کشمیر کو نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کو دیا گیا، جس پر سعودی حکو مت کے شکرگزار ہیں۔

تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا آزادکشمیر کے کسی وزیراعظم کو ایسا تاریخی پروٹوکول ملا، انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے دورہ سعودی عرب کے دوران جہاں مذہبی فرائض سرانجام دیئے وہیں آزادکشمیر کے عوام بالخصوص مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی بھی بھرپور ترجمانی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بڑے پیمانے پر دیار غیر میں مقیم کشمیریوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو سعودی عرب جیسے ملک میں شاہی مہمان کا درجہ دیا گیا۔حالانکہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کسی بڑے ملک کے مہمان کو بھی شاہی مہمان کا درجہ ملے یہ سب وزیراعظم آزادکشمیر غریب پروری اور انسان دوستی کی بدولت ممکن ہوا۔