اومی کرون ویرینٹ کیلئے بنائی گئی کورونا ویکسین کا ٹرائل شروع

فائزر اور بائیو این ٹیک ویکسین کے کلینکل ٹرائل کیلئے 1400 سے زائد بالغ افراد کا اندراج کیا جائے گا ‘ ٹرائل کے دوران 55 سال تک کے افراد میں ویکسین کی حفاظت اور مدافعتی ردعمل کی جانچ کی جائے گی ۔ برطانوی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 جنوری 2022 12:50

اومی کرون ویرینٹ کیلئے بنائی گئی کورونا ویکسین کا ٹرائل شروع
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) فائزراور بائیو این ٹیک کی جانب سے اومی کرون ویرینٹ کیلئے بنائی گئی مخصوص کورونا ویکسین کے ٹرائل شروع کردیے گئے ۔ بین الاقوامی میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک نے اومی کرون ویرینٹ کے لیے بنائی گئی خصوصی ویکسین کے کلینکل ٹرائل کے لیے اندراج شروع کر دیا ہے ، اس مقصد کے لیے 1400 سے زائد بالغ افراد کا اندراج کیے جانے کا امکان ہے ، اس ٹرائل کے دوران 55 سال تک کے افراد میں ویکسین کی حفاظت اور مدافعتی ردعمل کی جانچ کی جائے گی ۔

اسی طرح امریکہ کی دواسازکمپنی موڈرنا کی جانب سے بھی جلد ہی اومی کرون ویرینٹ کیلئے بنائی گئی مخصوص ویکسین کے ٹرائلز کا آغاز کیا جائے گا ، ادھر ایسٹرا زینیکا نے بھی کورونا کی مہلک قسم اومی کرون کے لیے ویکسین کے نئے ورژن پر کام شروع کر دیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تیزی سے کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز سامنے آرہے ہیں اور پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس اور اومی کرون ویرینٹ کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے محکمہ صحت پنجاب کے غیر مصدقہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں اومی کرون ویرینٹ کے مزید 75 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جس کے بعد اومی کرون ویرینٹ کے مریضوں کی مجموعی تعداد 988 تک پہنچ گئی جب کہ لاہور میں کورونا وائرس مزید پانچ زندگیاں نگل گیا جب کہ اس عرصے میں کرونا وائرس کے 1175 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ، جس کے بعد شہر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ دیکھنے میں آئی جو 15.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح شہر قائد میں بھی کورونا کیسز کی شرح 20 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ، رپورٹ ہونیوالے کیسزمیں سے 95 فیصد کیسزاومی کرون کے ہیں ، ضلع وسطی میں کرونا وائرس کے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر3 نجی اسکولوں کو سیل کردیا گیا کیوں کہ کورونا کی پانچویں لہر میں کراچی میں کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے ، کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 20.45 فیصد رپورٹ ہوئی ۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1645 کیسز سامنے آئے ، جن میں سے 1433 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم 172مریض کی حالت تشویشناک جب کہ 14مریض وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں ، رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومیکرون ہیں ۔