شاہ محمود قریشی کا ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطہ ،کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کے ناروا تشدد کی شدید مذمت

پولیس تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن کی آنکھ کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، پرامن احتجاج کو لاٹھیوں اور شلنگ کے ذریعے منتشر کرنا جمہوری حق کی نفی ہے، وزیر خارجہ کا بیان

جمعرات 27 جنوری 2022 13:37

شاہ محمود قریشی کا ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطہ ،کراچی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی رہنما و ممبر قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کر کے کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کے ناروا تشدد کی شدید مذمت کی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پرامن احتجاج کو لاٹھیوں اور شلنگ کے ذریعے منتشر کرنا جمہوری حق کی نفی ہے۔وزیر خارجہ نے ایم کیو ایم کے کارکن اسلم کی شہادت پر اظہار تعزیت اور کہا کہ پولیس تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن کی آنکھ کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین پر پولیس تشدد کی جسقدد مذمت کی جائے کم ہے، جس طرح ایم کیو ایم کے منتخب ایم پی اے کو کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ افسوسناک واقعہ سے جمہوریت کے جھوٹے دعویداروں کی قلعی کھل گئی، آئے روز جمہوریت کا درس دینے والوں کا اصل چہرہ سب نے ٹی وی سکرینز پر دیکھا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ سندھ کا بلدیاتی قانون، ماسوائے پیپلزپارٹی، تمام جماعتیں مسترد کر چکی ہیں،حتیٰ کہ پی ڈی ایم میں شامل پاکستان مسلم لیگ نون بھی مسترد کر چکی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ اس قانون کے خلاف اسمبلی کے اندر احتجاج اور اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا مسلسل جاری ہے، سندھ کا بلدیاتی نظام، عوام کے درمیان مذاق بن کر رہ گیا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے، اس قانون کی فوری تبدیلی پر زور دیا۔