کراچی: پولیس مقابلے، ڈاکو ہلاک، راہ گیر قتل، 7 گرفتار

جمعرات 27 جنوری 2022 14:17

کراچی: پولیس مقابلے، ڈاکو ہلاک، راہ گیر قتل، 7 گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) کراچی میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، 4 زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ڈاکوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر بھی زخمی ہو گیا، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق ہو گیا۔نارتھ کراچی میں فور کے چورنگی کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے میں 1 ڈاکو ہلاک اور 3 گرفتار کر لیے گئے، ملزمان کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل اور موبائل فون ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق کورنگی چکرا گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے افضل نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور مقتول پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے، واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔دوسری جانب گلشنِ معمار میں پولیس نے ڈاکووں کے ساتھ مبینہ مقابلے کے بعد 1 ڈاکو بلال کو زخمی حالت میں اسلحے اور موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا، ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق بلوچ کالونی پل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکوں نثار اور ظفر کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، ملزمان کی فائرنگ سے طارق نامی راہ گیر زخمی ہوا۔نارتھ ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 1 ڈاکو دانش مسیح کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا۔