Live Updates

وزیراعظم کا بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے 8 اوورسیز سینٹر قائم کرنے کا حکم

ایک ماہ کے اندر سمندرپار پاکستانیوں کے لیے جامع پالیسی بنانے کی بھی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 27 جنوری 2022 17:22

وزیراعظم کا بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے 8 اوورسیز سینٹر قائم کرنے کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جنوری 2022ء ) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے 8 اوورسیز سینٹر قائم کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز سید طارق الحسن نے ملاقات کی ، اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نےایک ماہ کے اندر سمندرپار پاکستانیوں کے لیے جامع پالیسی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ 90 لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کے لیے پالیسی بنائی جائے کیوں کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے 8 اوور سیز سینٹرز قائم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ادھر حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ائیرپورٹس پر ’ون ونڈو آپریشن‘ کی سہولت مل گئی ، وزیراعظم کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کی مدد کے لیے فیسلیٹیشن سیل قائم کردیا ، جہان سی اے اے عملہ بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کرے گا ، سول ایوی ایشن نے وزیراعظم کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے تحریری طور پر ہدایت نامہ بھی جاری کردیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ائیرپورٹس پر مدد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کردی ہے ، اس ضمن میں سول ایوی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی ، اسلام آباد ، لاہور ، فیصل آباد ، پشاور ، ملتان اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس پر ون ونڈو آپریشن کی سہولیات مہیا ہوگی جب کہ سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر سطح کا افسر سی اے اے ہیڈ کوارٹرز میں فیسلیٹیشن سیل کی سربراہی کرے گا ۔

سول ایوی ایشن سے معلوم ہوا کہ تمام 7 انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کی مدد کے لیے ٹرمینل منیجرز بھی مقرر کردیئے گئے ہیں ، کراچی ، لاہور ، اسلام آباد سمیت 7 انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر مقرر ٹرمینل منیجرز فوکل پرسن کے طور پر خدمات انجام دیں گے ، اس حوالے سے سی اے اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر فیسلیٹیشن سمیت تمام 7 ایرپورٹس پر مقرر ٹرمینل منیجرز کے رابطہ نمبر بھی جاری کیے ہیں ، سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر فیسلیٹیشن تمام مقرر کیے گیے فیسلیٹیشن ٹرمینل منیجرز کے سربراہ ہوں گے ، سی اے اے عملہ ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات