پاکستان کا روس سے تیل اور گیس خریدنے کا فیصلہ

پاکستان روس سے تیل اور گیس کی فراہمی کی توقع رکھتا ہے، اس حوالے سے روس کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی

muhammad ali محمد علی منگل 12 مئی 2026 20:24

پاکستان کا روس سے تیل اور گیس خریدنے کا فیصلہ
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2026ء) پاکستان کا روس سے تیل اور گیس خریدنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ماسکو میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان روس سے تیل اور گیس کی فراہمی کی توقع رکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ روسی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن اہم منصوبہ ہے، ہم کسی مرحلے پر اس کی طرف واپس آئیں گے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ نارتھ ساوتھ ٹرانسپورٹ پائن لائن پر کام ہو رہا ہے، روس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش نے ظاہر کیا ہے کہ توانائی کے وسائل کی ترسیل کے مختلف راستے ہونے چاہئیں، ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ترسیل کے مختلف راستے ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور روس پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، اقتصادی تعاون کے میکنزم پر پیش رفت سے یہ منصوبہ دونوں ممالک کا تاریخی معاہدہ بن جائے گا۔

دوسری جانب صحت کے شعبہ میں بھی پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ روسی خبر رساں ادارے نے دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے تجارتی و اقتصادی تعلقات کی تصدیق کی ہے۔ روسی خبر رساں ادارے سپٹنک کے مطابق روس پاکستان کو مغربی مملک کی انسولین کی سپلائی پر انحصار کم کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ روسی کمپنی Medsintez اور ان کے پاکستانی پارٹنر 80 ملین ڈالر کی لاگت سے انسولین کی پیداوار کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، جس میں بائیوٹیک ٹرانسفر، مقامی API مینوفیکچرنگ اور ایسپٹک فلنگ کی سہولیات شامل ہوں گی۔

اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2028ء تک متوقع ہے، جبکہ مکمل پیداوار کا ہدف 2031ء ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کی جانب سے مقامی مارکیٹ کے لیے روسی انسولین کی متعدد مصنوعات کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس نے پاکستانی سمندری غذائی اشیاء کی برآمدات کے لیے بھی اپنی مارکیٹ کھول دی ہے، جو یوریشیا میں روس اور پاکستان کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے اقتصادی اتحاد کا اشارہ ہے۔