پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، عظمی بخاری

منگل 12 مئی 2026 19:05

پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نوازکی قیادت میں پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں عوامی مفاد کے متعدد تاریخی فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب ہر اجلاس میں عوام کی سہولت اور خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہیں اور حکومت کے تمام اقدامات کا مرکز عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔

عظمی بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کے تحت پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو کہ سماجی تحفظ کے حوالے سے ایک انقلابی قدم ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کرنے پر وزیر اعلی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاریخ میں پہلی بار کچے کی مستقل ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا خطیر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم میں کچے کے لوگوں کو ترجیح دی جائے۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے کسانوں کی خود سرپرست ہیں۔ 'اپنا کھیت اپنا روزگار' سکیم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 30 ہزار لاٹ کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ اقلیتی برادری کی بہتر مالی معاونت ہو سکے۔ عظمی بخاری نے زور دے کر کہا کہ پنجاب میں اب صرف منصوبوں کے اعلان نہیں ہوتے بلکہ انہیں دنوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مقررہ مدت سے پہلے منصوبوں کی تکمیل اب ایک ملک گیر سٹینڈرڈ بن چکی ہے۔وزیر اطلاعات نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت کہا کہ اگر پاکستان کا کوئی بھی دوسرا صوبہ کسی منصوبے میں پنجاب حکومت کی رہنمائی یا مدد حاصل کرنا چاہتا ہے تو ہمارے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہمارا مقصد پورے ملک کی ترقی اور خدمت ہے۔