ْکراچی میں 12 سے 24 مئی تک منتخب علاقوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم جاری رہے گی، عائشہ رضا فاروق

منگل 12 مئی 2026 19:10

ْکراچی میں 12 سے 24 مئی تک منتخب علاقوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم جاری رہے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ کراچی میں 12 سے 24 مئی تک منتخب علاقوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم جاری رہے گی جس کے تحت 10 سال تک عمر کے بچوں کی قوت مدافعت مزید مضبوط بنائی جا رہی ہے۔جاری بیان کے مطابق انہوں نے کراچی میں جاری پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے سلسلے میں ایک سکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں، اساتذہ، والدین اور پولیو ٹیموں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر انعام الحق بھی موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے گنجان اور متحرک شہر میں بچوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، بڑی عمر کے بچے بھی پولیو وائرس کی منتقلی کا سبب بن سکتے ہیں، اسی لیے بوسٹر ڈوز مہم نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور تمام اہل بچوں کو بوسٹر ڈوز ضرور لگوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔

عائشہ رضا فاروق نے پولیو ورکرز، سپروائزرز اور سوشل موبلائزرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز عزم اور بہادری کے ساتھ بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا تعاون عوامی اعتماد سازی اور آگاہی پیدا کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔