ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار ہلاک

ٹانک میں آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 6 فروری 2022 13:09

ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار ہلاک
ٹانک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 فروری 2022ء) : خیبر پختونخواہ کے ضلع ٹانک میں ڈیال روڈ پر سیکیورٹی اداروں نے کامیاب کارروائی کے دوران خودکش بمبار کو ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں خود کش بمبار مارا گیا۔ آپریشن علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔ کامیاب کارروائی کے بعد سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ پاک افواج کی جانب سے نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کیا تھا، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔ گذشتہ روز جاری بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی گذشتہ روز جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں پنجگور اور نوشکی میں ہونے والے حملوں کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے الرٹ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیرکی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق تمام انٹیلی جنس و سیکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو بھی غیر معمولی طور پر مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔