بیرسٹر سلطان کا اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانیوالے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کا دورہ ،مختلف شعبہ جات دیکھے ، بریفنگ دی گئی

حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سر فہرست ہیں،میرپور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فیز ون کے تحت ایک عمارت مکمل ہوچکی ،سیکنڈ فیز میں ایک اور نئی جدید نوعیت کی بلڈنگ سمیت میڈیکل کے متعلق تمام ہیلتھ ایکوپمنٹ بھی مہیا کررہے ہیں ،صدر آزاد کشمیر

منگل 15 فروری 2022 16:55

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2022ء) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔قبل ازیں جب صدر آزاد کشمیر بنگڑیلہ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیاگیا۔صدر گرامی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور انہیں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب میں کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سر فہرست ہیں۔میرپور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فیز ون کے تحت ایک عمارت مکمل ہوچکی ہے جبکہ فیز سیکنڈ میں ایک اور نئی جدید نوعیت کی بلڈنگ سمیت میڈیکل کے متعلق تمام ہیلتھ ایکوپمنٹ بھی مہیا کررہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کو اسلام آباد یا دیگر شہروں میں علاج معالجہ کے لئے نہ جانا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیونٹی ہسپتال کے لئے 22 کنال کا رقبہ فری آف کاسٹ دینے،ہسپتال کی تعمیر،برطانوی کمیونٹی کے تعاون سے مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کے صحت سہولت کارڈ کی بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال میں سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اس عوامی اور فلاحی منصوبہ کی کامیابی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس(ر) خان اعظم خان اور محمد ندیم نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کے بانی چوہدری مہربان حسین،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر اعظم خان، چیئرمین چوہدری طارق،سابق ممبر اسمبلی کرنل(ر) معروف خان،ڈاکٹر راجہ سکندر اقبال،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔