Live Updates

ایوب آفریدی سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ملاقات ،برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے حالات پر تبادلہ خیال

پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور موجودہ حکومت ضروری انفراسٹرکچر اور سیکیورٹی فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے، ایوب آفریدی

بدھ 2 مارچ 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2022ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی ایوب آفریدی سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنرنے ملاقات کی جس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی ہمارے معاشرے کا اہم اور اٹوٹ انگ ہے، وہ ہماری سماجی و سیاسی زندگی میں شامل ہو چکے ہیں لیکن پھر بھی اپنی مخصوص پاکستانی شناخت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاص طور پر صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پروفشنلز اور حال ہی میں انتظامیہ میں بھی ایک اثاثہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ برطانوی عوام پاکستان کی خوبصورتی سے محبت کرتے ہیں ، برطانوی حکومت یوکرین اور روس کے تنازعے اور اس کے نتائج کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہے ۔

(جاری ہے)

ایوب آفریدی نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کو اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد برآمد کرنے کے لیے تیار ہے ، پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور موجودہ حکومت ضروری انفراسٹرکچر اور سیکیورٹی فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایوب آفریدی نے کہا کہ یوکرین میں تنازعہ کورونا کے بعد کی عالمی معیشت پر شدید اثرات مرتب کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا موقف جیسا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بار بار دہرایا ہے کہ تنازعات کو صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات