سیاسی جماعتیں ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام کریں، قیصر احمد شیخ

ہفتہ 14 مئی 2022 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما قیصر احمد شیخ نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام کریں۔جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مشکل دور سے گزر رہی ہے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ چارٹر آف اکانومی پر بات کرنے کی ضرورت ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہ ہر شہری کے لیے اہم وقت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھاری گاڑیوں پر بجلی اور پیٹرول کے ضیاع سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرتعیش اشیاء کے استعمال سے گریز کریں۔ کرنسی کی قدر میں کمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسائل پر قابو پانے کے لیے ہمیں معمولات زندگی کو تبدیل کرنا ہو گا اور کفایت شعاری کے اقدامات اپنانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے غریب شہری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرتعیش سہولیات کے استعمال پر امیر لوگوں پر مزید ٹیکس لگائے جائیں۔