واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی بدولت پاکستان میں ترقی کا خاموش انقلاب رونما ہو رہا ہے، لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ)

ہفتہ 14 مئی 2022 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) سبکدوش ہونیوالے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے واپڈا کے اہم منصوبوں مہمند ڈیم،تربیلا پانچواں توسیعی منصوبے، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اوردیامربھاشا ڈیم کا دورہ کیا۔نامزد چیئرمین/ ممبر (فنانس) واپڈانوید اصغر چوہدری جن کا مذکورہ پراجیکٹ کا یہ پہلا دورہ تھا، بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل سے بھرپور استفادہ کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے کہا کہ واپڈا کے 10زیرتعمیر منصوبے کامیابی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ان منصوبوں کی بدولت پاکستان میں ایک خاموش انقلاب رونما ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے 2022ء سے 2029ء تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے، ان سے ملک کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل پر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں 11اعشاریہ7 ملین ایکڑ فٹ کااضافہ ہوگا اور پن بجلی کی پیداوار میں 11ہزار 369میگا واٹ تک اضافہ ہوگا۔ اس اضافہ سے 3اعشاریہ5ملین ایکڑ اراضی زیر کاشت لائی جا سکے گی او ر سالانہ اوسطاََ44 ارب 70 کروڑ یونٹ ماحول دوست اور سستی پن بجلی میسر ہوگی۔میگا منصوبوں کی تیز تر تکمیل کیلئے پراجیکٹ انتظامیہ اور انجینئر ز کی جانفشانی اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے سابق چیئرمین نے کہا کہ فرض شناسی، وقار اور قابلیت انسان کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچا دیتی ہے اور مجھے فخر ہے کہ واپڈا میں آپ لوگوں جیسی ٹیم ملی۔

اوائل میں واپڈا منصوبوں کی تکمیل میں درپیش آنے والی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ذہن بنا لیا تھا کہ خواہ کچھ بھی ہو، ان تمام مسائل سے ہم نے نمٹنا ہے۔ واپڈا نے نہ صرف طویل عرصہ سے تاخیر کے شکار چار منصوبے مکمل کئے بلکہ تمام حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے 10میگا پراجیکٹس شروع کئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ واپڈا کے انجینئرز اِن منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

مہمند ڈیم کے دورے کے موقع پر سبکدوش چیئرمین نے نامزد چیئرمین کے ساتھ نئی تعمیر ہونیوالے پراجیکٹ آفس کا افتتاح کیا۔ متعلقہ جنرل منیجرز/ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے مہمند ڈیم خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہاہے۔ مہمند ڈیم کی تکمیل پر 1اعشاریہ2ملین ایکڑ فٹ پانی اور800میگا واٹ بجلی میسر ہوگی، یہ منصوبہ2026ء میں مکمل ہوگا۔

تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں تربیلا ڈیم کی پانچویں سرنگ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس منصوبہ کی پیداواری صلاحیت 1530 میگا واٹ ہے، جبکہ منصوبے سے بجلی کی پیداوار 2024ء سے شروع ہوگی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سٹیج-ون خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ سٹیج ون کی پیداواری صلاحیت2ہزار 160 میگا واٹ ہے، جبکہ 2026ء تک منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

دیامر بھاشا ڈیم دریائے سندھ پر گلگت بلتستان کے علاقے چلاس سے40کلومیٹر زیریں جانب تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبہ سے 8 اعشاریہ1ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا جبکہ منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگا واٹ ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم 2029ء میں مکمل ہوگا۔