Live Updates

ایسے تو کریانے کی دکان نہیں چلتی جیسے یہ معیشت چلا رہے ہیں، حماد اظہر

ایک طرف حکومتی اراکین کہہ رہے ہیں کہ تیل کی قیمت نہ بڑھا کر عمران خان نے بڑا ظلم کیا، دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہم بھی نہیں بڑھائیں گے، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا ٹویٹ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 15 مئی 2022 22:14

ایسے تو کریانے کی دکان نہیں چلتی جیسے یہ معیشت چلا رہے ہیں، حماد اظہر
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 15مئی 2022) ایک طرف حکومتی اراکین کہہ رہے ہیں کہ تیل کی قیمت نہ بڑھا کر عمران خان نے بڑا ظلم کیا، دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہم بھی نہیں بڑھائیں گے، ایسے تو کریانے کی دکان نہیں چلتی جیسے یہ معیشت چلا رہے ہیں، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی حکومت پر تنقید۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ حکومت جس طرح معیشت کو چلا رہی ہے ایسے تو کریانے کی دکان بھی نہیں چلتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومتی اراکین کہہ رہے ہیں کہ تیل کی قیمت نہ بڑھا کر عمران خان نے بڑا ظلم کیا، دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہم بھی نہیں بڑھائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومتی ترجمان مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر عمران خان نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھےکچھ ہوا تو پاکستان کے عوام نے مجھے انصاف دلانا ہے، ریکارڈڈ ویڈیو میں جن کے نام لیے گئے ہیں ان میں سے ایک ایک کو کٹہرے میں لانا ہے، غلامی سے بہترموت ہے، کچھ دن پہلے معلوم ہوا کہ میرے خلاف بند کمروں میں سازش ہورہی ہے، یہ سوچتے رہے اس کے ساتھ ہم نے اتنا کیا لیکن یہ بچ کر نکل گیا، امریکہ میں میرے خلاف سازش تیار کی گئی، یہاں کے میرجعفر اور صادق نے سازش پر عمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس زہر کو جانتا ہوں جس کو کھانے سے ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے، ڈاکٹر رضوان اور نعمان اصغر کو دل کا دورہ کیسے پڑا، اس پر سپریم کورٹ سو موٹو لے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیسز کی تفتیش کرنے والے افسر کو دباؤ ڈال کر مار دیا گیا، جن کے اوپر کیسز ہیں انہیں ہی حکومت سپرد کردی گئی، انہوں نے ایف آئی اے کے افسران کو تبدیل کردیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگوں کا جنون دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، 2018ء میں فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کی صنعت بند ہورہی تھی، فیصل آباد میں فیکٹریاں بند کرکے ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جارہی تھیں، ہماری حکومتی پالیسیوں کے بعد فیصل آباد کی صنعتوں نے اب تمام ریکارڈ توڑ دیے، فیصل آباد میں روزگار کے مواقع بڑھے، مالکان کے پاس مزدوروں کی کمی ہوگئی ہے، یہاں کی صنعتوں نے ریکارڈ برآمدات کیں، فیصل آباد کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، آج ملک کی تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات ہیں، میں نیا پاکستان بنتے دیکھ رہا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات