Live Updates

زیرِحراست نوازشریف کے پلیٹلیٹس گرنے کی وجہ زہر ہوسکتا ہے

سادہ سا سوال ہے کہ عمران خان نے اس کا فرانزک ٹیسٹ کیوں نہ کروایا؟ نوازشریف کی خرابی صحت کے باوجود بیرون ملک روانگی میں تاخیر کیوں کی؟ حسین نواز کا سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 مئی 2022 18:49

زیرِحراست نوازشریف کے پلیٹلیٹس گرنے کی وجہ زہر ہوسکتا ہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ زیرِحراست نوازشریف کے پلیٹلیٹس گرنے کی وجہ زہر ہوسکتا ہے، سادہ سا سوال ہے کہ عمران خان نے اس کا فرانزک ٹیسٹ کیوں نہ کروایا؟ نوازشریف کی خرابی صحت کے باوجود بیرون ملک روانگی میں تاخیر کیوں کی؟ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرا سوال انتہائی سادہ ہے۔

نیب کی حراست میں نواز شریف کے پلیٹلیٹس گرے، جس کیوجہ زہر ہو سکتا ہے۔

عمران خان نے اس کا فرانزک ٹیسٹ کیوں نہ کروایا؟ عمران خان نے کیوں ان کو خرابی صحت کے باوجود کئی ہفتے بیرون ملک روانگی میں تاخیر کی، جس کی وجہ سے فرانزک ٹیسٹ کے نتائج خراب ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کی سپورٹ دیکھ کر سازش کرنے والے خوفزہ ہوگئے اور فیصلہ کیا گیا کہ اب عمران خان کو دنیا سے فارغ کرنا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میرے اسلام آباد آنے کی کال سے گھبرا کر میرے قتل کی سازش تیار کی گئی، میں نے ایک وڈیو ریکارڈ کرکے محفوظ کر لی ہے، وڈیو پیغام میں سازش کرنے والے تمام لوگوں کے نام بتادیے ہیں۔ ملک میں لیاقت علی خان کو قتل کیا گیا، ان کے قاتل نہیں پکڑے گئے، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی، ضیاالحق کا طیارہ پھٹا، پتا نہیں چلا کہ پیچھے کون تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز میں ضمانت پر ہیں۔ ان کے خلاف ایف آئی اے میں تحقیقات کرنے والے افسر ڈاکٹر رضوان کو دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئے، ایک اور تفتیشی افسر ہارٹ اٹیک کے باعث ہسپتال میں پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں وہ زہر جانتا ہوں جو کھانے میں ملا دیا جائے تو کھانے والے کو ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے، میں اپنی عدالت سے کہتا ہوں کہ ہوں کہ وہ اس معاملے پر ازخود نوٹس لیں۔

اس پر گزشتہ مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہو، اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھ کر لوٹ پوٹ ہوتے رہو۔رہنما مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ میں رانا ثنا ء اللہ سے کہتی ہوں کسی حادثے کا انتظار نہیں کریں اور اس کی ویڈیو سامنے لے کر آؤ، عمران خان اگر تمھارے پاس ویڈیو ہے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ نواز شریف شہباز شریف سے زیادہ تمھیں سیکیورٹی دے گا، تم کہتے تھے کہ دیکھنا میں نواز شریف کا ایئر کنڈیشنڈ بند کروادوں گا مگر نواز شریف تمھاری حفاظت کرے گا۔

انہوںنے کہاکہ یہ اپنی تقریر میں زہر کا ذکر کر رہا تھا، اگر آپ کے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو وہ آپ کا کچن یا گھر والا کوئی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ یہ جھوٹا شخص تمام حدیں عبور کر گیا ہے، آپ تو گھر کا کھانا کھاتے ہیں، نواز شریف کوٹ لکھپت جیل کا کھانا کھاتے تھے، کوٹ لکھپت جیل میں تم نے نواز شریف کے ساتھ کیا کیا، نواز شریف کا کھانا عمران خان کی طرف سے آتا تھا، جو خود ایسی حرکتیں کرتا ہے وہ سب کے بارے میں ایسا ہی سوچتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات