Live Updates

جو تنقید کرتے تھے آج ہمارے فیصلوں کی تائید کررہے ہیں:شاہ محمود قریشی

موجودہ حکومت کی بے بسی قوم دیکھ رہی ہے، ن لیگ کو اقتدار میں آنے کی جلدی تھی، اقتدار میں آنے کیلئے انہوں نے جوڑتوڑ اورخریدوفروخت کی،رہنما تحریک انصاف کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز جمعہ 20 مئی 2022 15:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جو تنقید کرتے تھے آج ہمارے فیصلوں کی تائید کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے عمران خان کے دورہ روس کو درست قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے کہا ہماری خارجہ پالیسی جاری رہے گی، پھرآپ تنقید کس چیز پرکررہے تھے، اقتدار میں کرنے کیا آئے ہیں، انہوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، واشنگٹن جاکر بلاول کہتے ہیں ہماری خارجہ پالیسی درست ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو اقتدار میں آنے کی جلدی تھی، اقتدار میں آنے کیلئے انہوں نے جوڑتوڑ اورخریدوفروخت کی، ہم نے مشکل فیصلے کیے تھے، ہم ریکارڈ ٹیکس کلیکشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں حالات بدل گئے تھے، آج سب کچھ رک گیا، ڈالر بڑھ رہا ہے، تجربہ کار لوگوں نے کیا کیاہے۔ان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں سے کچھ منحرف ہوئے ہیں، منحرف اراکین نے بہت بڑی غلطی کی، خمیازہ بھگتیں گے۔

گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے درست نتائج ہوں گے، فیصلے سے پارلیمانی نظام میں استحکام ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ضمیرفروشوں کی حوصلہ شکنی ہوگی،وفاداریاں تبدیل کرنے سے سسٹم اور ادارے کمزور ہوں گے۔ رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بروقت ازخود نوٹس لیا، جن پرکیسز ہیں وہی افسران کے تبادلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پراسیکیوشن، ایف آئی اے و دیگر افسران کو دھمکیاں دی گئیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کی شفافیت کیلئے بہت بڑا قدم ہے، اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں، حکومت تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔ چند روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کیخلاف غیرقانونی حربہ استعمال ہوا تو عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور اس کے والد قوم کو گمراہ کر رہے ہیں،بلاول بتائیں!کس کو خوش کرنے کیلئے بھارت کے ساتھ تجارت شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا بلاول پانی کے مسئلے پر ورلڈ بینک کے سربراہ سے ملیں گے؟ بلاول کس کو خوش کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ تجارت بحال کررہے ہیں؟ بلاول فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم پر بات کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں، بلاول بتائیں کس وزیر نے آپ سے رابطہ کیا اور دھمکی دی، بلاول اور اس کے والد قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، آپ کراچی سے مہنگائی کے خلاف مارچ کررہے تھے، قوم پوچھ رہی ہے بتائیں کس کے اشارے پر سازش کا حصہ بنے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات