Live Updates

ہم پورا ملک بند کرسکتے ہیں اور یہ دکھانے میں کامیاب رہے،زلفی بخاری

انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی تو تحریک انصاف پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرے گی،رہنما تحریک انصاف اس دفعہ ہم لاہور، کراچی اور اسلام آباد کا لاک ڈاؤن کریں گے، ہم ان شہروں کا لاک ڈاؤن کریں گے جن پر ملکی معیشت کا انحصار ہے، انٹرویو

جمعہ 27 مئی 2022 17:14

ہم پورا ملک بند کرسکتے ہیں اور یہ دکھانے میں کامیاب رہے،زلفی بخاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہم میں اتنی صلاحیت ہے کہ پورا ملک بند کر سکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی حیثیت کا لیڈر سمجھوتا تو کر لیتا ہے مگر اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹتا، عمران خان کو نظر آیا کہ پاکستانی پاکستانیوں کے ساتھ، فوج اور پولیس کیساتھ لڑ جائیں گے، عمران خان کو نظر آیا بھائی بھائی کو مارے گا، جانیں جائیں گی، فائدہ شریفوں اور زرداری کو ہو گا، نظر آنے والے نقصان کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے 6 دن بعد کا ٹائم دیا ہے۔

سابق مشیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی تو تحریک انصاف پورے ملک میں لاک ڈاؤن کریگی، میرا نہیں خیال کہ ہمیں ہر چیز میں اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کرنا چاہیے، اسٹبشلمنٹ نے گزشتہ روز بڑا نیوٹرل کردار ادا کیا، فوج صرف آرٹیکل 245 کے تحت سرکاری اور پبلک پراپرٹی کی حفاظت کیلئے بلائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان کے سابق مشیر نے کہا کہ حکومت اپنی ضد کے باعث پورا ملک تباہ کر دے گی ، عمران خان کی کوئی انا یا ضد نہیں بلکہ ان کے سامنے ایک مقصد ہے، اگر 6 دن میں بنا کسی جانی و مالی نقصان کے یہ مقصد پورا ہو جائے تو یہ بہت بڑا اقدام ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا اس دفعہ ہم لاہور، کراچی اور اسلام آباد کا لاک ڈاؤن کریں گے، ہم ان شہروں کا لاک ڈاؤن کریں گے جن پر ملکی معیشت کا انحصار ہے۔انہوں نے کہا کہ جب معیشت نہیں چل سکے گی تو تب ہی حکومتی اتحاد کو صحیح معنوں میں سنائی دے گا، ضروری نہیں کہ ہر بندہ اسلام آباد پہنچے، ہم میں قابلیت ہے کہ ہم پورے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کر سکتے ہیں۔

زلفی بخاری نے کہاکہ ہمارا مقصد یہ دکھانا تھا کہ ہم جب چاہیں جہاں چاہیں پہنچ سکتے ہیں اور پورا ملک بند کر سکتے ہیں اور یہ سب دکھانے میں ہم کامیاب رہے ہیں۔حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے زلفی بخاری نے کہاکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کے بارے میں مجھے کوئی معلومات نہیں ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ حکومت یقیناً تحریک انصاف کو پیغامات بھیج رہی ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات