Live Updates

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس

سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور ای وی ایم کے استعمال کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے ۔ درخواست گزار کی استدعا

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 جون 2022 11:07

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جون 2022ء ) عدالت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیے ۔

اس حوالے سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے واضح احکامات دیے ، لاہور ہائی کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق پر ہدایات جاری کیں لیکن عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں کی لہذا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور ای وی ایم کے استعمال کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ اور نیب قوانین میں تبدیلی پر عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا ، انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کا معاملہ اور چیئرمین نیب کی تعیناتی بھی عدالت میں چیلنج کریں گے، عدالت میں اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کے خاتمے کو چیلنج کریں گے ، اوورسیزپاکستانیوں کی ووٹنگ ختم کرنے کے خلاف عدالت جارہے ہیں ، شریفوں کے گھر میں ہونے والے فیصلے ہم پر مسلط کر دیئے جاتے ہیں ، ہمارا اولین مطالبہ الیکشن کی تاریخ ہے ، میں کوئی جنگ تو نہیں چاہتا صرف الیکشن کا مطالبہ کر رہا ہوں ، مذاکرات کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے، صاف وشفاف الیکشن کی طرف پہنچنے کیلئے بات چیت کیلئے تیار ہوں، ہم شریف خاندان کو اچھی طرح جانتے ہیں، طاہرالقادری کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اسے سبق سکھایا گیا تھا۔

انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا 26 سال کا ریکارڈ ہے کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی ، حکومت نے جیسے حربے استعمال کیے ہر فورم پر معاملہ اٹھائیں گے ، انہوں نے پرامن احتجاج پر شیلنگ کی ، ہم نے کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی ، کراچی میں ایم کیو ایم کا دور تھا ہمیں کہا گیا کہ پارٹی میں ملٹنٹ ونگ بنائیں ، مسلح ونگ نہیں بنائیں گے تو کراچی میں پارٹی نہیں چلے گی ، ہم نے فیصلہ کیا تھا پارٹی میں عسکری ونگ نہیں بنائیں گے ، عسکری ونگ بعد میں پارٹی پر حاوی ہو جاتا ہے ، ہماری واحد جماعت ہے جس کی کوئی عسکری ونگ نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات