Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ’عمران خان زندہ باد‘ کا نعرہ

عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتبار ہے‘ کہتے ہیں پی ٹی آئی حکومت نے سرنگیں بچھائیں تو اس وقت سب ٹھیک کیسے چل رہا تھا؟۔ سابق وزیراعظم کے حق میں نعرہ لگانے والے رکن میر خان محمد جمالی کا اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 جون 2022 17:20

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ’عمران خان زندہ باد‘ کا نعرہ
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جون2022ء ) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی غیرموجودگی میں بھی ’عمران خان زندہ باد‘ کا نعرہ لگ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے این اے 261 جعفرآباد صحبت پور سے منتخب رکن میر خان محمد جمالی نے کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی میں ہوں اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتبار ہے ، میں نے استعفیٰ نہیں دیا تھا ، میری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 84 روپے فی لیٹر تین ہفتے میں اضافہ ہوا ہے ، وزیر خزانہ نے طنزیہ طور پر ہنس کر کہا کہ قیمتیں بڑھیں گی ، وزیر خزانہ منتخب اور نہ ہی کسی کو جوابدہ ہیں ، وزیر خزانہ غریب آدمی کی حالت کا اندازہ نہیں لگا سکتے ، کہتے ہیں پی ٹی آئی کی حکومت نے سرنگیں بچھائی ہیں ، تواس وقت سب ٹھیک کیسے چل رہا تھا؟ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون چوس رہی ہے ، یہ ساری جماعتیں کیا پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق مونس الٰہی نے بھی کھل کر سابق وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہے جتنے کیس بنا لیں ہم عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ، ان کے ساتھ چلنے کا ہمارا فیصلہ اٹل ہے۔ مونس الٰہی نے واضح کیا کہ مجھے کہا گیا آپ سے غلطی ہو گئی کوئی بات نہیں واپس آ جائیں، لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر اب دباؤ ڈال رہے ہیں ، ایف آئی اے کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تفصیلات کا مجھے ابھی علم نہیں ، اس طرح کے جھوٹے کیسز ہمارے خاندان پر پہلی بار نہیں بنے ، ماضی میں بھی ہمارے خاندان پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، میرے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، انشاء اللہ ماضی کی طرح اب بھی اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات