انتخابات میں مخالفین کا اتحاد پاش پاش ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی،شرجیل میمن

پیر 27 جون 2022 22:11

انتخابات میں مخالفین کا اتحاد پاش پاش ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2022ء) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ انتخابات میں مخالفین کا اتحاد پاش پاش ہوگیا، پیپلز پارٹی نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کوعبرتناک شکست دی، مخالفین نے جتنے بھی اتحاد بنائے وہ تمام پاش پاش ہوگئے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پرامن ہوئے تاہم بدامنی کے صرف ایک دو واقعات پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان بتائے کن کن پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی ہوئی، ان پر دوبارہ پولنگ کروالیتے ہیں، دو چار واقعات کو بنیاد بنا کر پورے انتخابی عمل کو دھاندلی زدہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر قائم ہیں، ہم ایم کیو ایم کو منالیں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کہتی ہے وہ حکومت چھوڑ کر جائے گی تو ہم ان کو جانے نہیں دیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لاڑکانہ میں پی پی نے چاروں ٹاؤنز، ڈسٹرکٹ کونسل میں تاریخی فتح حاصل کی، لاڑکانہ کے عوام نے بھٹو دشمن تمام قوتوں کا بوریا بسترگول کردیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ لاڑکانہ میں تاریخی فتح کے بعد میئر، ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پی پی کا ہوگا، سندھ کے عوام نے پی ٹی آئی، جی ڈی اے ودیگر مخالف جماعتوں کا صفایا کردیا۔#