ایم کیو ایم ملک میں تبدیلی کی سب سے بڑی علامت ہے ہمارا راستہ گورنر سے نہیں ہے ،ہماری سیاسی آزادیاں رکی ہوئی ہیں ، خالد مقبول صدیقی

حلقہ بندیوں ، ووٹوں کی تبدیلی اور مردم شماری پر الیکشن کمیشن نے ہمارے تمام تحفظات سنے اور ہمیں ایک پٹیشن دائر کرنے کا کہا ہے، فروغ نسیم

منگل 28 جون 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2022ء) ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ے کہ ایم کیو ایم ملک میں تبدیلی کی سب سے بڑی علامت ہے ہمارا راستہ گورنر سے نہیں ہے ہماری سیاسی آزادیاں رکی ہوئی ہیں جبکہ فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں ، ووٹوں کی تبدیلی اور مردم شماری پر الیکشن کمیشن نے ہمارے تمام تحفظات سنے اور ہمیں ایک پٹیشن دائر کرنے کا کہا ہے۔

ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم اور امین الحق پر مشتمل وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر الطنا راجہ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اصل میں انتخابات نہیں تھے، ہمیں پاکستان، آئین و قانون کا اتحادی ہونا چاہیے، اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کردیا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما فروغ نسیم نے کہا کہ ہمارے تحفظات پر الیکشن کمیشن نے ہمیں پٹیشن دائر کرنے کا کہا ہے۔ پٹیشن پر الیکشن کمیشن سندھ حکومت سمیت تمام فریقین کو سنے گا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کا راستہ گورنر سے نہیں۔ ہماری سیاسی آزادیاں بھی رکی ہوئی ہیں، ایم کیو ایم ملک میں تبدیلی کی سب سے بڑی علامت ہے