جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے مقدمے کی سماعت

دعا منگی اغوا کیس،ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے مقدمے میں تفتیشی افسر انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کا حکم،کیس میں اب تک دو تفتیشی افسر تبدیل ہوچکے ہیں

جمعرات 30 جون 2022 20:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) دعا منگی اغوا کیس،ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے مقدمے میں تفتیشی افسر انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کا حکم۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت نے دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے مقدمے میں تفتیشی افسر انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انسپکٹر نثار اعوان نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔کیس میں اب تک دو تفتیشی افسر تبدیل ہوچکے ہیں۔ کیس کے نئے تفتیشی افسر نثار اعوان کو تین شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ لیکن تفتیشی افسر نثار اعوان کیس کا چالان جمع کرانے میں ناکام رہا ہے۔ عدالت نے انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق 27 جنوری 2022 کو دعا منگی اغوا کیس کا مرکزی ملزم زوہیب قریشی پولیس کسٹڈی سے فرار ہوگیا تھا۔ جیل پولیس کے اہلکار ملزم زوہیب قریشی کو شاپنگ کرانے لے گیے تھے جہاں سے ملزم فرار ہوگیا تھا۔