Live Updates

آصف علی زرداری کورونا کا شکار ہوگئے

ہلکی علامات کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سابق صدر نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 جولائی 2022 13:14

آصف علی زرداری کورونا کا شکار ہوگئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جولائی 2022ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کورونا کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر خارجہ اور آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تاہم ان کی ویکسی نیشن مکمل ہے، اس کے ساتھ بوسٹر ڈوز بھی لگ چکی ہوئی ہے، سابق صدر نے کورونا کی ہلکی علامات کے ساتھ خود کو آئسولیٹ کرلیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے اور ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت ناساز ہونے پر کرونا ٹیسٹ کروایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آنے پر مریم نواز نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا تھا ، مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک نے کہا تھا کہ مریم نوازنے عوام سے اپنی جلد صحتیابی کیلئے دعا ؤں کی درخواست ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی عظمی قادری کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں، انہوں نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا، اس حوالے سے ان کے اہلخانہ نے تصدیق کی ہے کہ ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی عظمٰی زعیم قادری کورونا میں مبتلا ہو گئی ہیں، عظمیٰ قادری کے شوہر زعیم حسین کے مطابق عظمٰی زعیم قادری نے بخار ہونے پر ٹیسٹ کروایا تو کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ، جس پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کر رکھا تھا تاہم طبیعت خرابی پر انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری طرف ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث محرم الحرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں، این سی او سی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مجالس کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سےعمل کیا جائے ، کھلی اور ہوادار جگہوں پر مجالس کی جائیں اور ڈسپوزیبل برتنوں میں نیاز تقسیم کی جائے، این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مجالس کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، مجالس اور عزاداری کے جلوس کے داخلی دروازوں پر ماسک اور سنیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات