Live Updates

عمران خان کی قانونی ٹیم کو نوازشریف کی واپسی کیلئے عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت

درخواست میں نوازشریف اور شہبازشریف کے بیان حلفی کو بنیاد بنایا جائے گا، نوازشریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی راستے استعمال کریں گے۔ ایڈووکیٹ احمد اویس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اگست 2022 17:38

عمران خان کی قانونی ٹیم کو نوازشریف کی واپسی کیلئے عدالتوں سے رجوع ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2022ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قانونی ٹیم کو سابق وزیراعظم نوازشریف کو وطن واپس لانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ہے، درخواست میں نوازشریف اور شہبازشریف کے بیان حلفی کو بنیاد بنایا جائے گا۔ ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ نوازشریف کو وطن واپس لانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کیا جائے اور تمام قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں، تحریک انصاف کی لیگل ٹیم آج عمران خان کو کیس سے متعلق بریفنگ دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی، پراسکیوشن کی درخواست تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، درخواست میں نوازشریف اور شہبازشریف کے بیان حلفی کو بنیاد بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ درخواست میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کو بھی شامل کیا جائےگا۔ ایڈوویکٹ احمد اویس نے کہا کہ نوازشریف کو وطن واپس لانے کلیے تمام قانونی راستے استعمال کریں گے۔

دوسری جانب مران خان کے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلا ت چھپانے کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔ اے آر وائے نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس پر فوری سماعت کی درخواست کی ہے۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے عمران خان کی نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ریفرنس کے متن کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے۔ عمران خان نے تحائف بھیجنے کی رقوم کی تفصیلات بھی گوشواروں میں جمع نہیں کرائیں۔ ریفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 29 دن اس ریفرنس پر آئینی و قانونی ماہرین سے طویل مشاورت کی۔ ادھر حکومت نے ایف آئی اے کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی فوری انکوائری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز کہا کہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر سمیت تمام ادارے فیصلے کی روشنی میں انکوائری کریں گے، تاریخ میں پہلی بار کسی جماعت کو فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر کیا گیا ہے، حکومت پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 اورایکٹ2017 کے تحت کارروائی کی پابند ہے۔

کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی بات ہوئی، وزیر قانون نے آئینی و قانونی پہلوؤں پر کابینہ کو مفصل بریفنگ دی، فارن فنڈنگ کیس کا 8 سال بعد تفصیلی فیصلہ آیا ہے۔ آٹھ سالوں کے دوران پی ٹی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا جبکہ اسٹیٹ بینک نے تمام ریکارڈ فراہم کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات