Live Updates

شرجیل انعام میمن کی پی ٹی آئی ورکرز اور بالخصوص نوجوان نسل کو عمران خان کے بہکاوے میں نہ آنے کی اپیل

شہدا کے معاملے پرعمران خان اپنی حرکتوں سے باز آئیں ، ورنہ پاکستان کے غیرت مند عوام کے ہاتھ ان کے گریبان میں ہونگے،وزیر اطلاعات سندھ کی عمران خان کو وارننگ

اتوار 7 اگست 2022 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی ورکرز اور بالخصوص نوجوان نسل کو اپیل کی ہے کہ وہ عمران خان کے بہکاوے میں نہ آئیں،عمران خان کا ایجنڈا ملک میں صرف انتشار پھیلانہ ہے،یہ شخص اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسانے اور ورغلانے میں مصروف ہے ۔اپنے جاری بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحہ پر نہ صرف شہیدوں کے ورثا بلکہ پوری قوم افسردہ اور غمزدہ ہے ، سانحہ کے بعد عمران خان کی جماعت نے جس طرح کی سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مہم چلائی شہدا کے ورثا اور قوم کی دل آزاری ہوئی ہے،پوری قوم میں عمران خان کے لئے نفرت بھڑ گئی ہے ۔

شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کے معاملے پر عمران خان اپنی حرکتوں سے باز آئیں ، ورنہ پاکستان کے غیرت مند عوام کے ہاتھ عمران خان کے گریباں میں ہونگے اور عوام انہیں بنی گالا سے باہر نکلنے نہیں دے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوان نسل اور اپنے ورکروں کو غلط راہ پر لے کر جا رہے ہیں،عمران خان اقتدار کی حوس میں نوجوانوں اور اپنے ورکروں کو نفرت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں ،جس کے نتائج ملک کے لئے بھیانک ثابت ہو رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی غلط طرزِ سیاست کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سزائیں لگ گئیں اور جیل چلے گئے،6پاکستانی اپنے خاندانوں کے کفیل تھے ، اس واقعہ کا ذمہ دار کوئی اور نہیں، صرف عمران خان ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات