تحریک صوبہ ہزارہ میں سرکردہ اہم سیاسی شخصیات شہزادہ عبداللہ خان، سردار رمضان اور فاروق خان نے شمولیت اختیار کر لی

بدھ 10 اگست 2022 22:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) تحریک صوبہ ہزارہ میں ہزارہ کی سرکردہ اہم سیاسی شخصیات کی باقاعدہ شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، صوبہ کے قیام کی جدوجہد تیز کرنے کیلئے تحریک کے قائدین متحرک ہو چکے ہیں، اس سلسلہ میں سابق صوبائی وزیر شہزادہ گشتاسپ خان کے فرزند شہزادہ عبداللہ خان، آل پاکستان مسلم لیگ ہزارہ کے جنرل سیکرٹری سردار محمد رمضان، سابق بیوروکریٹ فاروق خان نے بدھ کو یہاں ایک تقریب کے دوران باقاعدہ تحریک صوبہ ہزارہ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر تحریک کے سلطان العارفین خان جدون، شہزادہ عبداللہ، سردارمحمد رمضان اور فاروق خان نے تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں انجمن اتحاد شہریاں کے صدر ملک سجاد، تحریک صوبہ ہزارہ کے مرکزی اور مقامی قائدین اور قائدین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا ہزارہ کے اکابرین نے قیام پاکستان کے ریفرنڈم اور جہاد کشمیر میں سب سے آگے رہے ہیں، ہزارہ کا یہ خطہ وسائل سے مالا ہے، یہاں مسائل کے حل اس کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، تحریک خاموش ہو سکتی ہے مر نہیں سکتی ، اس کو پہلے سے بڑھ کر منظم انداز میں چلائیں گے۔

تحریک صوبہ ہزارہ کے مرکزی صدرسلطان العارفین خان جدون نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ روز اول سے الگ صوبہ کے قیام کیلئے مخلصانہ جدوجہد کر رہی ہے، بابا حیدر زمان مرحوم کے پلیٹ فارم کو بعض وجوہات کی بناء پر اس طرح نہیں چلا سکے لیکن ہزارہ کی دھرتی پر رہنے والوں کو یقین دلاتا ہوں آخری دم تک اس کے جھنڈے کو بلند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام تحریک صوبہ ہزارہ کے دست بازو بنیں، نسلوں کی بقا کی جنگ میں شانہ بشانہ جدوجہد کریں، تحریک صوبہ ہزارہ ہزارہ کے عوام کے حقوق کی جدوجہد جا ری رکھے ہوئے ہے۔