جشن آزادی کی75 ویں سال میں پاکستان کو آگے لے جانے کا ہمیں عہد کرنا ہے، میر چنگیر خان جمالی

وطن عزیز کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے ان گنت قربانیاں دیں،آزادی ایک نعمت ہے ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے اس نے ہمیں ایک آزاد ریاست سے نوازاہے، جس میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی کے ساتھ ساتھ تمام رنگ و نسل کے شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،پیپلزپارٹی رہنمائوںکی بیان

ہفتہ 13 اگست 2022 23:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیر خان جمالی، جنرل سیکر ٹری روزی خان کاکڑ، سیکر ٹری اطلاعات سر دار سر بلند خان جو گیزئی نے کہا ہے کہ جشن آزادی کی75 ویں سال میں پاکستان کو آگے لے جانے کا ہمیں عہد کرنا ہے، پاکستان میں ایک آئینی و جمہوری حکومت کا تسلسل آگے بڑھانے کی بات کرنا ہے،قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیکر مضبوط اور مستحکم ملک بنایا تھا، جو آج بھی وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد اور بندھن کا مقدس دستاویز ہے ،75 ویں یوم آزادی کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے جا ری کر دہ ایک مشترکہ بیان میںکہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے حصول کے لئے ہمارے بزرگوں نے ان گنت قربانیاں دیں،آزادی ایک نعمت ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمیں ایک آزاد ریاست سے نوازاہے، جس میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی کے ساتھ ساتھ تمام رنگ و نسل کے شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے لئے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے ،قائد اعظم محمد علی جناح نے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا میثاق لکھا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ اس سال جب ہم اپنا یوم آزادی منا رہے ہیں ہمارے ملک کے بہت سے شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے، اس موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے ،جو تکلیف کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کا اہم موڑ ہے کہ ہمارے ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہوگئے ہیں، جہاں ہمیں اپنے ملک سے محبت کا، وفاداری کا اور تجدید عہد تو ضرور کرنا چاہیے، لیکن ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ہماری وہ کون سی خرابیاں، خامیاں اور نالائقی ہیں، جس کی وجہ سے ہمارا ملک اپنی منزل اور مقصد پر نہیں پہنچ سکا، جس کا خواب محمد علی جناح اور پاکستان بنانے والی ہماری لیڈرشپ نے دیکھا تھا۔