عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے

ن لیگ نے فیصلہ کیا ہےکہ نوازشریف آئندہ الیکشن مہم کی قیادت کریں گے، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے انکار نہیں کیا۔ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اگست 2022 21:27

عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2022ء) وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، ن لیگ نے فیصلہ کیا ہےکہ نوازشریف آئندہ الیکشن مہم کی قیادت کریں گے، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے انکار نہیں کیا۔ ہم نیوز کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرداخلہ 29 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے، ن لیگ نے فیصلہ کیا ہےکہ نوازشریف آئندہ الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔ سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے انکار نہیں کیا، انتظامی امور پر اختلاف رائے ہے ،الیکشن کمیشن اصلاحات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلوبل وارمنگ گیسوں کے فضا میں اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کا صرف ایک فیصد بنتا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے جنگی بنیادوں پر رین ہاروسٹنگ کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلام آباد میں اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اجراء کرنے کی تجویز بھی زیرِغور آئی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اور سفارشات کیلئے وفاقی وزیر شیری رحمان کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

کمیٹی میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی اور خوراک کا تحفظ  تینوں ایک دوسرے سے منسلک چیلنجز ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے اثرات سے بچانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے متوقع مسائل کا بخوبی ادراک ہے، اس مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں دِیت کی کم ازکم حد 30 ہزار 630 گرام چاندی کے برابر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری متفقہ طور پر مسترد کردی ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور 22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی ہے۔