پنجاب میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی خریدوفروخت اور استعمال پر سزائیں بڑھانےکا فیصلہ

کم ازکم 2 سال قید اور زیادہ سے زیادہ عمرقید کی سزا کی تجویز دی گئی، انسداد منشیات کیلئے خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشن قائم کی جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 ستمبر 2022 20:54

پنجاب میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی خریدوفروخت اور استعمال پر سزائیں ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 ستمبر 2022ء) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی خریدوفروخت اور استعمال پر سزائیں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کم ازکم 2 سال قید اور زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا کی تجویز دی گئی، انسداد منشیات کیلئے خصوصی عدالتیں اور پولیس اسٹیشن قائم کی جائیں گے۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022 کا مسودہ تیار کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے قانون کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے منظو رکرایا جائے گا، منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال پر سزائیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تعلیمی اداروں میں منشیات کی خریدوفروخت روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، اجلاس میں کم ازکم 2 سال قید اور زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا رکھنے کی تجویز دی گئی۔ انسداد منشیات کیلئے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا اور خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔اینٹی نارکوٹکس پولیس اسٹیشن بنائے جائیں گے، تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پر ادارے کے مالکان اور ملازمین ذمہ دار ہوں گے۔

دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے تبلیغی مرکز اسلام آباد کے قریب دو کارروائیوں میں منشیات برآمد کی ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی میں ایک مزدا ٹرک کی چھت میں چھپائی گئی 90 کلو چرس اور 30 کلو افیون برآمد کی گئی ہے ، نوشہرہ کا رہائشی ملزم منشیات باڑہ خیبرایجنسی سے گوجرانوالہ اسمگل کر رہا تھا جبکہ دوسری کارروائی میں موٹر کارکے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کی گئی ہے۔ برآمدہ منشیات میں 52 کلو 800 گرام چرس اور 22 کلو 800 گرام افیون شامل ہے۔ کارروائی کے دوران خیبر ایجنسی کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں ۔ملزمان کےخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔