کوٹلی،ڈیم کی تعمیر کے باعث مقامی آزادی کے مسائل حل کئے جائیں،کمیونٹی کا مطالبہ

جمعہ 30 ستمبر 2022 20:02

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2022ء) ضلعی انتظامیہ نے گلپور پن بجلی منصوبہ کے فنانسنگ اداروں کی موجودگی میں ڈیم کی تعمیراتی کمپنی میرا پاور پر زور دیا ہے کہ وہ ڈیم کی تعمیر کے باعث مقامی آبادی کیلئے پیدا ہونے والے رسائی اور ماحولیاتی مسائل کو حل کرے اور کمیونٹی کے تحفظات کو دور کیا جائے، کمیونٹی کے لئے سی ایس آر پلان کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھی شئیر کیا جائے۔

جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم کی زیرصدارت میرا کمپنی منیجمنٹ اور عالمی بنک کے نمائندوں کا اجلاس ڈی سی آفس منعقد ہوا جس میں ایشیائی ترقیاتی بنک،آئی ایف سی اور میرا پاور کمپنی کے نمائیندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مقامی آبادی کو درپیش مسائل پر کمیونٹی کے تحفظات سے شرکا اجلاس کوآگاہ کیا اور ان مسائل کے حل میں انتظامیہ کی طرف سے تعاون کا یقین بھی دلایا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو راستوں کے ذریعہ رسائی،ڈیم کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل کے حل اور سی ایس آر پلان کے تحت کمیونٹی کے لئے ترقیاتی منصوبے فوری مکمل کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے میرا پاور پر زور دیا کہ وہ یہ ایشوز حل کرے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ایس آر میں ضلعی انتظامیہ کی‘‘ان پٹ‘‘ شامل کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لوکل کمیونٹی نے پن بجلی کے قومی منصوبے کی تکمیل نے بھرپور تعاون کیا ان کے ایشوز حل کرنا کمپنی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ ان مسائل کے حل میں ضلعی انتظامیہ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔