عدالت نے رانا ثناء اللّہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے محکمہ اینٹی کرپشن کو ہر طرح کی کارروائی سے روک دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 14 اکتوبر 2022 15:41

عدالت نے رانا ثناء اللّہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2022ء ) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔ میڈیا رپورٹس کے ماطقب ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی، جہاں عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو وارنٹ گرفتاری پر ہر طرح کی کارروائی سے روک دیا اور اینٹی کرپشن کی تفتیشی ٹیم کو نوٹس جاری کرکے کیس کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کو وزیر داخلہ کی گرفتاری اور اس حوالے سے چھاپہ مارنے سے بھی روکتے ہوئے پیر 17 اکتوبر کو محکمہ اینٹی کرپشن کو ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے۔ یاد رہے کہ راولپنڈی کی سول عدالت نے وزیر داخلہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، اس ضمن میں ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہا تھا کہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے، رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری کیے گئے، عدالت کی جانب سے رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جب کہ پنجاب کے نئے مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ عہدہ سنبھالتے ہی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے متحرک ہوئے اور پنجاب پولیس کو رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے اینٹی کرپشن کی معاونت کرنے کی ہدایت کی تھی، مشیر داخلہ پنجاب نے صوبائی پولیس کو ہدایت کی کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن مین عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کر چکا ہے، وارنٹ گرفتاری 19 اکتوبر تک موثر ہے، آئی جی پنجاب کو ہدایت کردی ہے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری میں پنجاب پولیس اینٹی کرپشن کی معاونت کرے اور قانون کے مطابق رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔